بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

عورت کے سونے کی زکاۃ کس پر لازم ہے؟


سوال

عورت کے سونے پر زکاۃ کا حکم کیا ہے (سونا١٨٠٠٠٠ہزارکا ہے)  زکاۃ ادا کرنا لڑکی کے والد پر ہے یا سسرال والوں پر ہے?

جواب

واضح رہے کہ زکاۃ اُسی شخص پر لازم ہوتی ہے جو نصاب کا مالک ہو، اگر عورت نصاب کی مالک ہے تو  اس کی زکاۃ اُسی  پر لازم ہو گی، لڑکی کے والد یا سسرال والوں پر عورت کے سونے کی زکاۃ نکالنا لازم نہیں، عام طور پر  چوں کہ عورتیں گھر کے کام کاج سنبھالتی ہیں، کمانے کے لیے نہیں نکلتیں،  کمانے کے لیے مرد نکلتے ہیں، اور یہی تقاضائے فطرت بھی ہے؛ اس  لیے عموماً شوہر  بیوی کی طرف سے زکاۃ نکال دیتے ہیں، اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ اس کے مال کی زکاۃ شوہر پر یا کسی اور پر لازم ہوگی ، بلکہ جس کا سونا ہے اسی پر زکاۃ لازم ہے۔

باقی سونے کی زکاۃ کا حکم یہ ہے کہ اگر کسی کی ملکیت میں ساڑھے سات تولہ سے کم سونا ہو ، اس کے علاوہ کوئی اور قابلِ زکاۃ مال (چاندی،  ضرورت سے زائد رقم، مالِ تجارت) بالکل بھی موجود نہ ہو ، تو اس سونے پر   زکاۃ لازم نہیں ہوگی۔

لیکن اگر سونے کے ساتھ  کوئی اور قابلِ زکاۃ مال موجود ہو، مثلاً چاندی یا ضرورت سے زائد معمولی سی رقم یا مالِ تجارت بھی موجود ہو  تو پھر صرف سونے کے نصاب کا اعتبار نہیں کیا جائے گا، بلکہ ایسی صورت میں چاندی کے نصاب (ساڑھے باون تولہ چاندی) کی قیمت کا اعتبار کیا جائے گا۔

لہذا اگر  مذکورہ عورت کی ملکیت میں سوال میں ذکر کردہ سونے کی مقدار کے ساتھ، کچھ  چاندی یا  ضرورت سے زائد کچھ نقدی یا مالِ تجارت بھی موجود ہو تو پھر زکاۃ واجب ہونے کا نصاب ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت ہے۔ اس صورت میں سونے اور دیگر قابلِ زکاۃ اموال کی مجموعی مالیت لگاکر اس میں سے واجب الادا  اخراجات، قرضہ جات منہا کرکے اگر وہ نصاب کے برابر بچتا ہے تو اس کی ڈھائی فیصد  زکاۃ ادا کرنا لازم ہوگا۔ اور ڈھائی فیصد معلوم کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ کل مالیت کو چالیس سے تقسیم کردیا جائے، حاصل جواب ڈھائی فیصد ہوگا۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108200915

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں