بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

آن لائن کمپنی میں کرنسی کا مستقبل کا ریٹ بتاکر ہار جیت سے پیسہ کمانا


سوال

اگر کوئی آن لائن کمپنی خود آپ کو بونس کے طور پر رقم دے یعنی آپ نے ڈپازٹ نہیں کی تو  کیا اُس رقم سے اُس ویب سائٹ پر ٹریڈنگ کرنا درست ہے؟  اُس ویب سائٹ پر ٹریڈنگ کی شکل یہ ہے کہ کسی کرنسی کے بارے میں موجودہ قیمت کے اعتبار سے 60 سیکنڈ تک بتانا ہوتا ہے  کہ  اِس قیمت سے زیادہ رہے گی یا کم؟ صحیح بتانے کی صورت میں لگائی جانے والی رقم کا کچھ فیصد مل جاتا ہے اور غلط بتانے کی صورت میں لگایا گیا بھی چلا جاتا ہے۔ اب کیا یہ منافع حلال ہے یا نہیں؟ جب کہ لگائی گئی رقم بھی کمپنی  کی  ہی ہے یعنی صارف نے نہیں ڈپازٹ کی۔ بونس کی رقم کی شکل مذکورہ بالا کمپنی میں یہ ہے کہ کچھ مخصوص رقم آپ کے اکاؤنٹ میں مفت ڈال دی جاتی ہے۔ آپ اُس رقم کو نکال نہیں سکتے،  لیکن اُس سے حاصل کردہ نفع جب ایک خاص مقدار کو پہنچ جائے تو  پھر نکال سکتے ہیں۔ اگر وہ بونس والی رقم صفر کو پہنچ جائے یعنی ختم ہو جائے تو پھر کمپنی آپ کو دوبارہ بونس دے دیتی ہے چاہے جتنی بار بھی ختم ہوجائے۔

جواب

کرنسی  کا مستقبل میں کیا ریٹ ہوگا؟   بڑھے  گا یا  گھٹے   گا ،  بتاکر   اگر  صحیح  ہو تو  نفع   ملے گا،  ورنہ لگا یا ہوا  سرمایہ بھی چلا جائے گا،  جوئے کی واضح شکل ہے ،  اور جوا   حرام  ہے ؛ لہذا  مذکورہ آن لائن کمپنی میں اس طرح کا معاملہ کرنا اور اس سے حاصل ہونے والے منافع سے مستفید ہونا جائز نہیں ہے، خواہ اپنا سرمایہ نہ لگایا ہو۔

{يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنْصَابُ وَالْأَزْلَامُ رِجْسٌ مِنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ}[المائدة :۹٠]

ترجمہ :اے ایمان والو بات یہی ہے کہ شراب اور جوا اور بت وغیرہ اور قرعہ کے تیر یہ سب گندی باتیں شیطانی کام ہیں سو ان سے بالکل الگ رہو تاکہ تم کو فلاح ہو۔

فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144206200592

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں