بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

آن لائن اشتہارات دیکھنے کے عوض رقم کمانا


سوال

میرا سوال پے سلیش (PAYSLASH) کے بارے میں ہے،جو کہ آن لائن کمائی کی ویب سائٹ ہے، پہلے اس میں انویسٹ کرتے ہیں، پھر روزانہ پانچ اشتہارات دیکھتے ہیں جس کے عوض ہمیں رقم ملتی ہے، اشتہارات نہ دیکھیں روزانہ تو رقم نہیں ملتی۔ کیا اس کی کمائی حلال ہے؟

جواب

ہر قسم کی وہ آن لائن کمپنیاں جو اشتہارات دیکھنے کے عوض رقم کی ادائیگی کرتی ہیں ان ویب سائٹ پر اکاؤنٹ بنا کر اشتہارات دیکھ کر رقم کمانا درج ذیل وجوہات کی بنا پر جائز نہیں ہے:

1- اس میں ایسے لوگ اشتہارات کو دیکھتے ہیں جن کا یہ چیزیں لینے کا کوئی ارادہ ہی نہیں، اشتہارات دینے والی کمپنی کو ایسےافراد کی بنیاد پر  دیکھنے والوں کی تعداد میں اضافہ دکھانا جو کہ کسی طرح بھی خریدار نہیں، یہ بیچنے والے کے ساتھ ایک قسم کا دھوکا ہے۔
2-   ان اشتہارات میں جاندار کی تصاویر بھی لامحالہ ہوں گی، اور  جان دار کی تصویر کسی بھی طرح کی ہو، اس کا دیکھنا جائز نہیں، لہٰذا اس پر جو اُجرت لی جائے گی، وہ بھی جائز نہ ہوگی۔
3-    ان اشتہارات میں خواتین کی تصاویر بھی ہوتی ہیں، جن کا دیکھنا بدنظری کی وجہ سے مستقل گناہ ہے۔
4-   شریعت میں بلا محنت کی کمائی کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے اور اپنی محنت کی کمائی حاصل کرنے کی ترغیب ہے اور اپنے ہاتھ کی کمائی کو افضل کمائی قراردیا ہے۔

لہٰذا سوال میں ذکر کردہ آن لائن کمپنی پر اشتہارات دیکھ کر حاصل ہونے والی آمدن حلال نہیں ہوگی، اس سے اجتناب کیا جائے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144111200381

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں