بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

غیر مسلم کا خواب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کرنا


سوال

کیا کسی غیر مسلم کے خواب میں نبیؐ آسکتے ہیں؟

 

جواب

واضح  رہے کہ جس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ مبارکہ میں آپ کو دیکھنے والے مسلمان اور غیر مسلم ہر قسم کے لوگ تھے، اسی طرح خواب میں بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت مسلمان اور غیر مسلم ہر کسی کو ہوسکتی ہے،اور جس کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت خواب میں ہوئی وہ حقیقتًا  آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہی شبیہ ہوتی ہے؛ کیوں کہ شیطان آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شکل اختیار نہیں کرسکتا۔ تاہم صرف خواب میں سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کا ہونا کسی انسان کے عند اللہ مقبول و محمود ہونے کی دلیل نہیں ہے،بلکہ اصل دار و مدار ایمان قبول کرنے اور انسان کی زندگی کے اعمال کی بنیاد پر ہے،اگر کسی نیک آدمی کو  خواب  میں نبی  کریم صلی اللہ علیہ وسلم  کی زیارت نہیں ہوتی،  تب بھی  وہ  اللہ  کے یہاں  مرتبہ والا ہے،اور  اگر کسی غیر مسلم کو  زیارت ہوجاتی ہے  تب بھی وہ فقط اس خواب میں زیارت کرنے کی بنا  پر آخرت میں درجے کا مستحق نہیں ہوگا۔

حدیث میں ہے:

"عن أبي هریرة رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: منْ رآني في المنامِ فقدْ رآني، فإنَّ الشَّيطانَ لايتَمثَّلُ بي."

(بخاری 110، مسلم 2266)

"جس نے خواب میں مجھے دیکھااس نے سچ مچ مجھے ہی دیکھا؛ کیوں کہ شیطان میری شکل میں نہیں آسکتا۔"

فقط واللہ اعلم

 


فتوی نمبر : 144201200185

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں