بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

نوکری کے حصول کے لیے وظیفہ


سوال

میں استغفراللہ 1000بار روز پڑ ھتا ہوں 35 دن ہوگئے ہیں، مگر نوکری کے لیے کوئی وسائل نہیں بنے 4،5 دوستوں کو بھی بتایا ہوا ہے،مگر ہر طرف سے   جواب  نہیں مل رہا ہے۔

جواب

بصورتِ مسئولہ اگر ملازمت کے حصول کے لیے آپ استغفار کا ورد کر رہے ہیں، تو اسے جاری رکھیے، اس پر فراوانی رزق کا وعدہ قرآنِ مجید و احادیثِ  مبارکہ میں موجود ہے۔تاہم چند باتوں کا مزید اہتمام کیجیے:

1- استغفار کے الفاظ کہنے کے ساتھ اس کا مفہوم بھی ملحوظ رکھیے؛ یعنی محض بطورِ وِرد ، اِستغفار  نہ پڑھیے، بلکہ دل سے توبہ و استغفار اور رجوع الی اللہ کے استحضار کے ساتھ استغفار  کیجیے۔

2- جس نوعیت کی تعلیم یا ہنر آپ  جانتے ہیں، اس سے متعلق اداروں اور افراد سے رابطہ کرکے قدرِ کفاف سہی، جہاں حلال روزی ملی، کام شروع کردیجیے، ان شاء اللہ تعالیٰ اسی میں برکت ہوگی اور آئندہ دروازے کھل جائیں گے، بسا اوقات انسان اعلیٰ معیار کے ذریعۂ آمدن کی تلاش میں رہتا ہے، اور قدرِ ضرورت میسر حلال رزق  کو چھوڑ دیتا ہے، اس میں بھی ایک گونہ ناقدری و ناشکری ہے، لہٰذا شکر کے جذبات کے ساتھ کسی بھی حلال روزگار سے وابستہ ہوجائیے، ملازمت نہ ملے تو اپنی مالی حیثیت میں رہتے ہوئے حلال کاروبار شروع کردیجیے۔

3- پنج  وقتہ  نماز   باجماعت کا اہتمام  کیجیے، اور فرض نمازوں کے بعد اور تہجد میں اللہ تعالیٰ سے دعا کریں۔

4- نیز درج ذیل وظیفہ پڑھنے کا اہتمام کریں :

(1) فرض نمازوں كي پابندی کے  ساتھ ساتھ   فجر  کی نماز کے بعد ستر مرتبہ مندرجہ ذیل آیت پڑھیں:

" اَللَّهُ لَطِيفٌ بِعِبَادِهِ يَرْزُقُ مَن يَشَاءُ وَهُوَ الْقَوِيُّ العَزِيزُ." ( الشورٰي،رقم الآیۃ:19)

(2)     ہر نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:

"اَللّٰهُمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ".

مشکاۃ المصابیح میں ہے :

"«وعن علي - رضي الله عنه - أنه جاءه مكاتب فقال: إني عجزت عن كتابتي فأعني. قال: ألا أعلمك كلمات علمنيهن رسول الله - صلى الله عليه وسلم - لو كان عليك مثل ‌جبل ‌كبير دينا أداه الله عنك. قل: (اللهم اكفني بحلالك عن حرامك، وأغنني بفضلك عمن سواك) » . رواه الترمذي، والبيهقي في: (الدعوات الكبير)."

(كتاب الدعوات ،‌‌باب الدعوات في الأوقاف،ج:2،ص:756 ،ط:المكتب الاسلامي)

آپ کے مسائل اور ان کا حل میں ہے:

سوال:  مولانا صاحب! میں انٹرپاس نوجوان ہوں، نوکری نہیں ملتی، کوئی وظیفہ تحریر فرمادیجئے۔

جواب: ہر نماز باجماعت تکبیر کی پابندی کے ساتھ ادا کیجئے اور نماز کے بعد تین بار سورہٴ فاتحہ اور تین بار آیت الکرسی پڑھ کر دُعا کیا کیجئے، والسلام۔

(اوراد ووظائف، نوکری کے لئے وظیفہ، ج:4، ص:249، ط:مکتبہ لدھیانوی)

فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144507101767

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں