بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

25 شوال 1445ھ 04 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

نو کوسٹ ای ایم آئی (NO COST EMI) پر سامان خریدنا


سوال

 موجودہ وقت میں جو کمپنیوں کی طرف سے''نو کوسٹ ای ایم آئی (NO COST EMI ) پر اشیاء فروخت کیے جاتے ہیں، جس میں خریدار کو شیئ کی قیمت اصل قیمت پر بغیر کسی اضافی رقم کے متعینہ مدت تک قسط وار ادا کرنے کی سہولت ہوتی ہے ، اور یہ معاملہ بذریعہ بینک ہوتا ہے ، جب کہ اس معاملے میں کمپنی کی طرف سے یہ شرط بھی رکھی جاتی ہے کہ قسط کی ادائیگی کے تاخیر ہونے کی صورت میں تاخیر کا جرمانہ بینک وصول کرےگا،  تو اس طرح سے نو کوسٹ ای ایم آئی(NO COST EMI ) پر سامان خریدنا از روئے شرع کیسا ہے ؟

جواب

واضح رہے کہ ” ای ایم آئی (EMI)   یہ ( Equated Monthly Installment) کا مخفف ہے،اس کا  مطلب یہ  ہے کہ کسی چیز کو خریدتے ہوئے اس کی مکمل قیمت یک مشت ادا کرنے کے بجائے ماہانہ قسطوں کی صورت میں ادا کرنا،  اس کی ایک صورت  (No Cost EMI) ہے ،  اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی چیز   کو نقد  رقم میں  خرید تے  ہوئے   جتنی قیمت ادا کرنی ہوتی ، اسی چیز  کو قسطوں  پر خریدنے میں بھی خریدار کو  اتنی  ہی قیمت ادا کرنی ہوگی، اور قسطوں پر خریداری کی صورت میں   کسی قسم کی اضافی رقم نہیں دینی ہوگی، اکثر آن لائن تجارتی پلیٹ فارم اس آپشن کو رکھتے ہیں۔

اس کے شرعی حکم سے پہلے یہ ملحوظ رہے کہ :

1۔یہ معاملہ بینک کے ذریعہ ہوتا ہے، قیمت کی ادائیگی بھی   خریدار بینک کے  کارڈ کے ذریعے کرتا ہے۔

2۔ماہانہ قسط کی ادائیگی میں تاخیر پر جرمانہ  (penalty)  بھی ادا کرنا پڑتا ہے۔

3۔قسطوں پر خریدنے کی صورت میں  قیمت اصل رقم سے زیادہ ہی  ہوتی ہے، لیکن  یہ زائد رقم  انٹرسٹ  (سود) کے نام پر بینک ادا کرتا ہے، اور   خریدار کو ڈسکاؤنٹ کے نام  وہ رقم معاف کی جاتی ہے۔ اس خریداری کی انوائس  مثلا ًاس طرح ہوتی ہے:

:Price details

Price (1 item): 10000

  Delivery charges: Free

Interest (charged by bank):600

No cost EMI Discount: 600

Amount payable: 10000

شرعی حکم:

یہ معاملہ کئی وجوہات کی بنا پر شرعا جائز نہیں ہے:

1: اس معاملہ میں قسطوں پر خریداری کی صورت میں جو  اضافی رقم  دی جاتی ہے، وہ   اصل قیمت میں اضافہ  نہیں ہے، بلکہ وہ  ”سود “ کے نام پر  دی جاتی ہے، اور مدّت  کے بدلے میں جو قیمت میں اضافہ  ہو شرعاً وہ سود ہے ، جو کہ ناجائز اور حرام ہے۔

2: خریدار کو اگر چہ  وہ رقم ڈسکاؤنٹ کے نام سے معاف کردی جاتی ہے، لیکن خریدار ہی کی طرف سے بینک یہ سود ادا کرتا ہے، اور  خریدار بینک کا اکاؤنٹ ہولڈر ہوتا ہے،    اور اکاؤنٹ ہولڈر کی جو رقم بینک میں رکھی ہوتی ہے، شرعا  وہ ” قرض“ کے حکم میں ہے، اور قرض پر کسی قسم کا مشروط نفع لینا شرعاً”سود“ ہے۔

3:  ماہانہ قسط کی ادائیگی میں  تاخیر کی صورت میں جرمانہ کی شرط ہوتی ہے،  اگرچہ وقت پر قسط کی ادائیگی ہو تب بھی  اس شرطِ فاسد کی وجہ سے پورا معاملہ فاسد ہوگا، الغرض یہ شرط فاسد ہےاور جرمانہ لینا شرعاً جائز نہیں ہے۔ 

4: عام طور پر یہ معاملہ ”کریڈٹ کارڈ“ کے ذریعے ہوتا ہے، اور ”کریڈٹ کارڈ“کا استعمال فی نفسہ بھی ناجائز ہے۔

لہذا    نو کوسٹ ای ایم آئی(NO COST EMI)  کے ذریعے   سامان خریدنا جائز نہیں ہے، اس سے اجتناب کرنا ضروری ہے۔

موطأ مالك ميں هے:

" وحدثني عن مالك عن زيد بن أسلم أنه قال: " كان الربا في الجاهلية، أن يكون للرجل على الرجل الحق إلى أجل، فإذا حل الأجل، قال: أتقضي أم تربي؟ فإن قضى أخذ، وإلا  زاده في حقه، وأخر عنه في الأجل."

(2 / 672، باب ما جاء في الربا في الدين، ط:  دار إحياء التراث العربي، بيروت - لبنان)

فتاوی شامی میں ہے:

"وفي الأشباه كل قرض جر نفعا حرام فكره للمرتهن سكنى المرهونة بإذن الراهن.

و في الرد :  (قوله: كل قرض جر نفعا حرام) أي إذا كان مشروطا كما علم مما نقله عن البحر."

(5/166، مطلب کل قرض جر نفعا، ط: سعید)

      البحر الرائق میں ہے:

"وفي شرح الآثار: التعزير بالمال كان في ابتداء الإسلام ثم نسخ. والحاصل أن المذهب عدم التعزير بأخذ المال".

(5/ 41، فصل فی التعزیر، ط:  سعید)

فقط واللہ أعلم


فتوی نمبر : 144312100456

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں