بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

نصاب پر سال گزرنے سے پہلے زکوۃ کا وجوب


سوال

میرے پاس تقریباً ایک تولہ سونا ہے،  میرے شوہر نے   مجھے  طلاق دے  دی اور  مجھے حق مہر اسی ہزار روپے دے دیے ہیں اور عدت وغیرہ کا خرچہ ستر ہزار روپے ابھی دیں گے تو  زکوٰۃ  ابھی دینی ہوگی  یا  سال گزرنے  پر  دینی ہوگی؟

جواب

واضح  رہے  کہ زکات کی ادائیگی واجب ہونے کے لیے ضروری ہے کہ نصاب پر ایک سال گزر گیا ہو،  سال گزرنے سے پہلے زکات کی ادائیگی واجب نہیں ہوتی،  پھر یہ بات سمجھنی چاہیے کہ اگر کسی عورت کی ملکیت میں محض ایک تولہ سونا ہو، اس کے ساتھ چاندی یا ضرورت سے زائد  کیش بالکل نہ ہو  تو ایک تولہ سونے کی وجہ سے وہ صاحبِ نصاب متصور نہیں ہو گی، اور اگر کسی عورت کی ملکیت میں ایک تولہ سونا ہو اور اس کے ساتھ کچھ چاندی یا ضرورت سے زائد کیش بھی ہو تو اس کی وجہ سے صاحبِ نصاب سمجھی جائے گی۔

لہذا صورتِ مسئولہ میں مہر  ملنے سے پہلے اگر آپ کے پاس صرف ایک تولہ سونا تھا اور اس کے علاوہ کچھ نہیں تھا تو آپ اس وقت صاحبِ نصاب نہیں تھیں  اور  مہر کے  ملنے کے بعد آپ صاحبِ نصاب بنی ہیں، اب آپ پر زکات اس دن لازم ہو گی جس دن صاحبِ نصاب بن جانے کے بعد ایک  قمری سال گزر جائے۔

اور اگر آپ کے پاس سونے کے ساتھ کچھ کیش یا چاندی موجود تھی  جس کو  سال بھی گزر گیا ہو تو  زکات ابھی ادا کرنا ہو گی، اور  زکات کے حساب میں مہر کی مد میں ملنے والی رقم کو بھی شامل کرنا ہو گا۔

عدت کا خرچہ جس وقت دیں گے، اس وقت دیکھ لیا جائے کہ اگر زکات کا سال اس کے بعد پورا ہوگا، اور وہ رقم بھی سال پورا ہونے کے وقت موجود ہو تو اس کو بھی حساب میں شامل کیا جائے گا، اگر یہ رقم زکات کا سال پورا ہونے کے بعد ملی اور اس سے پہلے آپ زکات نکال چکی ہوں تو اس کی زکات اس سال واجب نہیں ہوگی، اسی طرح اگر زکات کا سال پورا ہونے سے پہلے یہ رقم ملے لیکن اس میں سے کچھ ضروری اخراجات میں صرف ہوجائے تو بھی صرف کردہ رقم کو زکات کے حساب میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (2/ 259):

"(وسببه) أي سبب افتراضها (ملك نصاب حولي) نسبة للحول لحولانه عليه.

(قوله: لحولانه عليه) أي لأن حولان الحول على النصاب شرط لكونه سببا، وهذا علة للنسبة."

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144208200487

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں