بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

نیند نہ آنے (بے خوابی) کی دعا


سوال

نیند نہ آنے کی دعا بتادیں!

جواب

نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم سے بے خوابی (رات میں نیند نہ آنے) کی دو دعائیں منقول ہیں جو درج ذیل ہیں، اگر کسی کو رات میں نیند نہ آنے کی شکایت ہو تو کوئی بھی دعا  ایک بار پڑھ سکتا ہے۔ اس کے ساتھ نیند نہ آنے کے اسباب پر غور کرکے ان کے ازالہ کی کوشش بھی کرے، مثلاً کسی بیماری کی وجہ سے یہ شکایت ہو تو ماہر ڈاکٹر سے اس کا علاج بھی کرائے۔

1۔ حضرت بُرَیدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، فرمایا کہ حضرت خالد بن ولید مخزومی رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم سے شکایت کی کہ میں بے خوابی کی وجہ سے رات میں نہیں سوپاتا، تو نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا: جب تم سونے کے لیے اپنے بستر پر لیٹو تو یہ دعا پڑھا کرو:

اَللَّهُمَّ رَبَّ السَّمَاوَاتِ السَّبْعِ وَمَا أَظَلَّتْ، وَرَبَّ الأَرَضِيْنَ وَمَا أَقَلَّتْ، وَرَبَّ الشَّيَاطِينِ وَمَا أَضَلَّتْ، كُنْ لِّيْ جَارًا مِّنْ شَرِّ خَلْقِكَ كُلِّهِمْ جَمِيْعًا أَنْ يَّفْرُطَ عَلَيَّ أَحَدٌ مِّنْهُمْ أَوْ أَنْ يَّبْغِيَ، عَزَّ جَارُكَ، وَجَلَّ ثَنَاؤُكَ، وَلَا إِلَهَ غَيْرُكَ، وَلَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ.

ترجمہ: یااللہ! پروردگار ساتوں آسمانوں کے اور ہر اس چیز کے جس پر ان کا سایہ ہے، اور اے پروردگار زمینوں کے اور ہر اس چیز کے جسے وہ اٹھائے ہوئے ہیں، اور اے پروردگار شیطانوں کے اور ہر اس چیز کے جس کو انہوں نے گمراہ کیا ہے! میرے نگہبان رہیو تمام مخلوق کی برائی سے اور اس سے کہ کوئی ان میں سے مجھ پر ظلم یا تعدّی کرے۔ تیرا پناہ دیا ہوا ہی غالب ہے، اور تیری تعریف عظیم ہے، کوئی معبود نہیں ہے سوا تیرے، کوئی معبود نہیں ہے سوا تیرے۔

(سنن الترمذي، ج:5، ص:424،ط:دار الغرب الإسلامي - بيروت)

2۔ حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، فرمایا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم سے نیند نہ آنے (بے خوابی) کی شکایت کی، تو آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا:یہ دعا پڑھا کرو، میں نے یہ دعا پڑھی تو اللہ عز وجل نے میری بےخوابی کو دور فرما دیا:

اَللَّهُمَّ غَارَتِ النُّجُوْمُ، وَهَدَأَتِ الْعُيُوْنُ، وَأَنْتَ حَيٌّ قَيُّوْمٌ، لَا تَأْخُذُكَ سِنَةٌ وَّلَا نَوْمٌ، يَا حَيُّ يَا قَيُّوْمُ، أَهْدِءْ لَيْلِيْ، وَأَنِمْ عَيْنِيْ. 

ترجمہ: اے اللہ ! ستارے چھپ گئے اور آنکھیں پرسکون ہوگئیں، آپ ہمیشہ زندہ اور قائم رکھنے والے ہیں، نہ آپ کو اونگھ آتی ہے اور نہ نیند، اے ہمیشہ زندہ اور قائم رکھنے والے! میری رات کو پرسکون بنادیجیے اور میری آنکھ کو سلادیجیے۔

(عمل اليوم والليلة لابن السني، ص:676، ط:دار القبلة للثقافة الإسلامية ومؤسسة علوم القرآن - جدة / بيروت)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144201200211

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں