بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

ناپاکی کی حالت میں کپڑے دھونا


سوال

کیا ناپاک حالت میں کپڑے دھو سکتے ہیں یا نہیں؟

جواب

ناپاکی کی حالت میں کپڑے دھو کر پاک کرنا جائز ہے، حالتِ جنابت میں ناپاکی حکمی ہوتی ہے، لہٰذا اگر ہاتھ اور پہنے ہوئے کپڑوں پر ظاہری نجاست نہ ہو، یا ہو تو سہی لیکن دھلنے والے کپڑوں کے ساتھ دھل کر پاک ہوجائیں اور نجاست کا اثر بالکل زائل ہوجائے تو کپڑے پاک ہوجائیں گے، تاہم بہتر یہ ہے کہ جلد از جلد پاکی حاصل کی جائے۔

"صحیح البخاری" میں ہے:
'عن أبي هريرة رضي الله عنه قال: لقيني رسول الله صلي الله عليه وسلم و أنا جنب، فأخذ بيدي، فمشيت معه حتي قعد، فانسللت فأتيت الرحل، فاغتسلت، ثم جئت و هو قاعد، فقال: أين كنت يا أيا هريرة؟ فقلت له، فقال: سبحان الله! يا أبا هريرة! إن المؤمن لاينجس'.

(كتاب الطهارة، باب الجنب يخرج و يمشي في السوق و غيره، ط: قديمي)

ترجمہ: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ مجھ سے ملے اس حال میں کہ میں جنبی تھا، آپ ﷺ نے میرا ہاتھ پکڑا، میں آپ ﷺ کے ساتھ چلا، یہاں تک کہ آپ ﷺ تشریف فرماہوئے، میں چپکے سے وہاں سے نکلا اور اپنی رہائش پر آکر غسل کیا، پھر میں آیا تو آپ ﷺ تشریف فرماتھے، آپ ﷺ نے فرمایا: اے ابوہریرہ کہاں تھے؟ میں نے وجہ بتادی، آپ ﷺ نے فرمایا: "سبحان الله"! مؤمن کا (ظاہری) جسم ناپاک نہیں ہوتا۔

" عن عائشة رضي الله عنها قالت: كان رسول الله صلى الله عليه وسلم يغتسل من الجنابة، ثم يستدفئ بي قبل أن أغتسل. رواه ابن ماجه، وروى الترمذي نحوه".

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جنابت کا غسل فرماتے، پھر میرے غسل جنابت سے پہلے مجھ سے گرمائش حاصل کرتے تھے۔

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144507101673

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں