بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

ناپاک کپڑے واشنگ مشین میں دھو دیے


سوال

میرے پاس ایک واشنگ مشین ہے جو آٹومیٹک ہے، تین دفعہ صاف پانی آتا ہے اور نکل جاتا ہے، لیکن یہ سیٹنگ خود کرنی ہوتی ہے، کچھ دِن پہلے میں نے کچھ کپڑے دھوئے، لیکن میں نے تین دھلائی کی جگہ ایک دھلائی کی سیٹنگ کر دی اور مجھے خیال نہیں رہا، میں نے مشین رکنے پر کپڑے نکال کر رسّی پر ڈال دیے، بعد میں مجھے شک ہوا تو میں نے اُن میں سے ایک کپڑے کو تھوڑا پانی ٹب میں ڈال کر دھویا تو اس میں تھوڑی جھاگ نکلی، مگر میں پھر بھی یہی سمجھی کہ شاید میں نے سرف زیادہ ڈال دیا، مگر پھر مجھے یقین ہو گیا کہ سیٹنگ غلط ہو گئی ہے،آپ سے سوال یہ ہے کہ اب میں کیا کروں مجھے صرف اُن کپڑوں کو پاک کرنا ہو گا؛ کیوں کہ مجھے نہیں یاد کہ وہ کپڑے کون سے ہیں اور یہ بھی نہیں یاد کہ میرے گیلے ہاتھ جو ناپاک کپڑوں کو لگے وہ اور کن چیزوں کو لگے ہیں؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں مذکورہ دھلائی میں شامل کپڑے اگر ناپاک تھے، یا ان میں سے بعض کپڑے ناپاک تھے،  اور کپڑوں کی پاکی کا اہتمام نہیں کیا گیا (یعنی تین مرتبہ دھوکر ہر مرتبہ نچوڑا بھی نہیں گیا اور بہتے پانی میں اچھی طرح دھوکر ناپاکی زائل ہونے کا اطمینان بھی نہیں کیا) تو اس صورت میں وہ سب کپڑے بدستور ناپاک رہے، لہذا اس دھلائی میں شامل تمام کپڑوں کو دوبارہ پاک کرنا ضروری ہوگا، کپڑے یاد نہ ہونے کی صورت میں خوب اچھی طرح سے سوچ نے کے بعد غالب گمان جن کپڑوں کے شامل ہونے کا ہو، ان کو پاک کرلیا جائے۔

باقی اگر ناپاک پانی سے ہاتھ گیلے تھے، اور کسی چیز کو لگنے کی وجہ سے اس پر ناپاکی کا اثر محسوس ہوا تو وہ ناپاک سمجھی جائے گی، بصورتِ دیگر  ناپاک نہیں ہوگی۔

مزید  تفصیل کے لیے دیکھیے:

واشنگ مشین میں دھلے ہوئے کپڑوں کو پاک کرنے کا طریقہ

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144112201316

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں