بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

نماز توڑنے والی چیزیں / مفسداتِ نماز


سوال

نماز کن چیزوں سے ٹوٹتی ہے تفصیل کے ساتھ بتادیں۔

جواب

جن چیزوں سے نماز ٹوٹتی ہے ، اختصار کے ساتھ وہ درج ذیل ہیں:

1۔ بات کرنا اگرچہ بھول کر ہو یاغلطی سے ہو۔

2۔ ایسی دعا مانگنا جو لوگوں کی بات چیت کے مشابہ ہو۔

3۔ کسی کو سلام کرنا اگرچہ بھول کر ہو۔

4۔ سلام کازبان سے جواب دینا۔

5۔ عملِ کثیر یعنی کوئی ایسا کام کرنا جس کے کرنے والے کو دیکھنے والا یہ سمجھے کہ یہ نمازنہیں پڑھ رہاہے۔

6۔ سینہ کو قبلہ سے پھیر دینا۔

7۔ کسی چیز کا جو منہ سے باہر ہو کھانااگرچہ تھوڑی ہو۔

8۔ جو چیز دانتوں کے درمیان چنے کے برابر ہو اس کو کھالینا۔

9۔ پانی وغیرہ پینا۔

10۔ بلاضرورت کھنکارنا۔

11۔ اف تف،  آہ ،  اوہ کہنا۔

12۔ تکلیف اور درد کی وجہ سے آواز سے رونا۔

13۔ چھینکنے والے کے جواب میںیَرْحَمُکَ اللّٰہ کہنا۔

14۔ خدا کے شریک سے سوال کرنے والے کے جواب میںلَا إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُکہنا یا رنج کی بات سن کرإِنَّا لِلّٰہِ وَإِنَّا إِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ پڑھنا اور اچھی خبر سن کراَلْحَمْدُ لِلّٰہِکہنا اور تعجب کی بات پرلاَ إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ یا سُبْحَانَ اللّٰہُپڑھنا۔

15۔ کسی قرآن کی آیت کو خطاب اور جواب کی نیت سے پڑھنا۔

16۔ تیمم کرنے والے کا پانی پر قادر ہوجانا۔

17۔ موزوں پر مسح کرنے والے کی مدت کا ختم ہوجانا۔

18۔ موزوں کو نکال دینا اگرچہ فعلِ قلیل سے نکالاجائے۔

19۔ ان پڑھ کا ایک آیت یاد کرلینا۔

20۔ ننگے کوکپڑا مل جانا۔

21۔ اشارہ سے نماز پڑھنے والے کا رکوع سجدہ پر قادر ہوجانا۔

22۔ صاحب ترتیب کو قضانماز یاد آجانا۔

23۔ جو امامت کے قابل نہ ہو اس کو خلیفہ بنانا۔

24۔ نمازِ فجر میں سورج نکل آنا۔

25۔ عیدین کی نماز میں زوال ہوجانا۔

26۔ جمعہ کی نماز میں عصر کا وقت ہوجانا۔

27۔ پٹی کا زخم سے اچھا ہوکر گرجانا۔

28۔ معذور کے عذر کا جاتارہنا۔

29۔ قصدًا وضو توڑدینا یا کسی دوسرے کے فعل سے وضو ٹوٹ جانا، مثلا کسی نے کوئی چیز ماری اور خون نکل آیا۔

30۔ بے ہوش ہوجانا۔

31۔ پاگل ہوجانا۔

32۔ نہانے کی حاجت ہوجانا۔

33۔ رکوع سجدہ والی نماز میں کسی عورت کا ایک مکان میں بلاحائل کے مرد کے برابر کھڑا ہوجانا بشرطیکہ تحریمہ میں دونوں شریک ہوں اور ایک ہی نماز پڑھ رہے ہوں اور امام نے عورت کی امامت کی نیّت بھی کی ہو۔

34۔ اپنے امام کے علاوہ دوسرے شخص کو نماز میں غلطی بتانا۔

35۔اللّٰہُ  أَکْبَرُ کے ہمزہ میں مدکرنا۔

36۔ قرآن شریف دیکھ کر نماز میں پڑھنا۔

37۔ ایک رکن کی مقدار سترکا کھل جانا۔

38۔ مقتدی کا امام سے پہلے کوئی رکن پورا کرلینا اور امام کے ساتھ بالکل شریک نہ ہونا۔(مستفاد از آئینہ نماز)۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108201469

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں