بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

نماز میں ہنسی آنے کی صورت میں نماز اور وضو کا حکم


سوال

اگر نماز میں قہقہ والی یا منہ بند قہقہ والی ہنسی نکل جائے، مگر ہنسی کی آواز نہ نکلی ہو تو نماز اور وضو کا کیا حکم ہوگا؟ اور اگر  نماز کے دوران کسی دوسرے شخص کے منہ کے آگے آکر کھڑے ہوکر کوئی ایسی بات جان کے کرے کہ اس نماز پڑھنے والے کو ہنسی آجائے، اگر اس وجہ سے یہ ہنسی نکلی ہو تو اس کا بھی حکم بتا دیں۔ آواز اور غیرِ آواز دونوں صورتوں میں۔

جواب

آپ کا سوال مکمل واضح نہیں ہے کہ قہقہہ والی ہنسی نکلے اور آواز نہ نکلے ،اس کا کیا مطلب ہے ؟اسی طرح دوسری صورت جو لکھی ہے وہ بھی واضح نہیں ہے ۔

بہر حال اصولی جواب یہ ہے کہ نماز کے دوران  ہنسی کسی بھی وجہ سے آئے، تو اگر ہنسی میں صرف دانت کھل گئے یعنی صرف مسکرایا، آواز بالکل نہیں نکلی تو وضو اور نماز دونوں باقی ہیں، یعنی نہ نماز فاسد ہوئی اور نہ وضو ٹوٹا، اور اگر اتنی آواز نکلی کہ خود  سن لی تو نماز ٹوٹ گئی، وضو نہیں ٹوٹا، اور اگر اتنی زور سے ہنسا کہ  اہل مجلس نے آواز سن لی تو وضو بھی ٹوٹ جائے گا اور نماز بھی فاسد ہوجائے گی، بشرطیکہ بالغ ہو، نابالغ کا وضو نماز میں  ہنسنے سے نہیں ٹوٹتا۔

 فتاوی عالمگیری میں ہے:  

"(ومنها القهقهة) وحد القهقهة أن يكون مسموعا له ولجيرانه، والضحك أن يكون مسموعا له ولا يكون مسموعا لجيرانه، والتبسم أن لا يكون مسموعا له ولا لجيرانه كذا في الذخيرة. القهقهة في كل صلاة فيها ركوع وسجود تنقض الصلاة والوضوء عندنا، كذا في المحيط، سواء كانت عمدا أو نسيانا كذا في الخلاصة، ولا تنقض الطهارة خارج الصلاة، والضحك يبطل الصلاة ولا يبطل الطهارة، والتبسم لا يبطل الصلاة ولا الطهارة، ولو قهقه في سجدة التلاوة أو في صلاة الجنازة تبطل ما كان فيها ولا تنقض الطهارة، كذا في فتاوى قاضي خان.والقهقهة من الصبي في حال الصلاة لا تنقض الوضوء كذا في المحيط."

(الفتاوى الهندية: كتاب الطهارة، الباب الأول في الوضوء، الفصل الأول في فرائض الوضوء 1/  12، ط. رشيديه)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144409100212

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں