بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

نماز کے واجبات کون سے ہیں؟


سوال

نمازکے واجبات کل کتنے ہیں ؟

جواب

نماز کے اصل واجبات کل چھ ہیں:

(۱) سورۂ فاتحہ اور ضم سورت ۔

(۲) جہری نمازوں میں جہر اور سری نمازوں میں سر۔

(۳) تعدیل ارکان۔

(۴) قعدۂ اولیٰ۔

(۵)  دونوں قعدوں میں تشہد ۔

(۶) ترتیب افعال۔

اس کے بعد ان واجبات اور فرائض سے متعلق کچھ امور واجب ہیں، ان سب کو ملانے سے واجبات کی تعداد اس سے کہیں زیادہ پہنچ جاتی ہے۔ مثلًا:

1۔فاتحہ پڑھنا۔

2۔ فرض  نماز کی تیسری اور چوتھی رکعت کے علاوہ تمام نمازوں کی ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد  کوئی سورت یا تین آیتیں  پڑھنا۔

3۔فاتحہ کو سورت سے پہلے پڑھنا۔

4۔تعدیلِ اَرکان یعنی ہررکن کو اچھی طرح اداکرنا، اسی طرح قومہ (رکوع اور سجدے کے درمیان اطمینان سے سیدھا کھڑا ہونا) اور جلسہ  کرنا (دونوں سجدوں کے درمیان اطمینان سے بیٹھنا)۔

5۔پہلا قعدہ کرنا۔

6۔ دونوں قعدوں  میں تشہد پڑھنا۔

7۔تشہد پڑھ کر تیسری رکعت کے لیے فورًا کھڑا ہونا۔

8۔لفظ السلام کہنا۔

9۔ وتر کے قنوت میں کوئی دعا  پڑھنا۔

10۔دونوں عیدوں میں زائد تکبیریں کہنا۔

11۔عید کی نماز میں دوسری رکعت کے رکوع کی تکبیرکہنا۔

12۔امام کو نماز فجر، نماز جمعہ، نماز عیدین اورمغرب وعشاء کی پہلی دو رکعتوں میں زور سے قراء ت کرنا، ایسے ہی تراویح میں اور رمضان کے وتر میں امام کو قراء ت آواز سے کرنا۔

13۔ظہروعصر میں قراء ت آہستہ پڑھنا۔

بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع (1/ 160۔163):

"أما الواجبات الأصلية في الصلاة فستة: منها قراءة الفاتحة والسورة في صلاة ذات ركعتين، وفي الأوليين من ذوات الأربع والثلاث، ... و منها) الجهر بالقراءة فيما يجهر وهو الفجر و المغرب و العشاء في الأوليين، و المخافتة فيما يخافت و هو الظهر و العصر إذا كان إمامًا ... (ومنها) - الطمأنينة والقرار في الركوع و السجود، ... (و منها) القعدة الأولى للفصل بين الشفعين، حتى لو تركها عامدًا كان مسيئًا و لو تركها ساهيًا يلزمه سجود السهو ... (ومنها) التشهد في القعدة الأخيرة، ... و منها) - مراعاة الترتيب فيما شرع مكررا من الأفعال في الصلاة وهو السجدة، لمواظبة النبي صلى الله عليه وسلم على مراعاة الترتيب فيه، وقيام الدليل على عدم فرضيته على ما ذكرنا."

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108201549

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں