بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

نماز کے دوران منہ سے نسوار نکال کر پھینکنا


سوال

جمعے کی نماز کھڑی ہوئی ،  جلدی میں  جب میں نماز کے  لیے کھڑا ہوا تو دوسرے رکعت میں مجھے پتا چلا کہ منہ میں نسوار ہے تو  میں نے نماز  توڑے بغیر منہ سے نسوار نکال کر جیب میں ڈال دی تو کیا نماز ہوگئی یا قضا کرنی ہوگی؟

جواب

نماز  کے  دوران  کچھ  کھانے  یا پینے سے نماز فاسد ہوجاتی ہے، منہ میں نسوار   رکھنے کی صورت میں بھی  اس کے اجزا  اگر  حلق سے نیچے اتر جائیں تو  نماز فاسد ہوجائے گی۔

’’زبدۃ الفقہ‘‘ میں ہے:

’’نماز کے اندر کھانا پینا، مطلقاً نماز کو فاسد کرتا ہے، خواہ قصداً ہو یا بھول کر، تھوڑا ہو یا زیادہ حتی کہ اگر باہر سے ایک تل منہ میں لیا اور نگل گیا تو نماز فاسد ہو جائے گی یا کوئی پانی وغیرہ کا قطرہ یا برف کا ٹکڑا منہ کے اندر چلا گیا اور وہ اسے نگل گیا تو نماز فاسد ہو جائے گی، نماز شروع کرنے سے پہلے کوئی چیز  منہ میں لگی ہوئی تھی اگر وہ چنے کی مقدار سے کم تھی اور اس کو نگل گیا تو نماز فاسد نہیں ہو گی، مگر مکروہ ہے، اور اگر چنے کے برابر یا زیادہ ہو گی تو  نماز فاسد ہو جائے گی، اصول یہ ہے کہ جس چیز کو کھانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اس سے نماز بھی ٹوٹ جاتی ہے،  ورنہ نہیں، کوئی میٹھی چیز نماز سے پہلے کھائی تھی، نماز کے اندر اس مٹھاس کا اثر جو منہ میں موجود تھا وہ تھوک کے ساتھ اندر جاتا ہے تو مفسد نہیں، اگر مصری یا شکر یا پان وغیرہ منہ میں رکھ لیا چبایا نہیں اور وہ گھل کر حلق میں جاتا ہے، تب بھی نماز فاسد ہو جائے گی، اگر دانتوں سے خون نکلا اور تھوک میں مل کر حلق میں  گیا اور نگل گیا تو خون کا مزہ حلق میں محسوس ہونے کی صورت میں نماز ٹوٹ جائے گی۔‘‘

معلوم ہوا کہ اگر کوئی شخص نماز شروع کرنے سے پہلے  منہ میں نسوار رکھے اور نماز سے پہلے اس کو تھوکنا بھول جائے  تو اس سے بھی نماز فاسد ہو  جائے گی، لہذا جب پہلی رکعت میں ہی نماز فاسد ہو گئی تو دوسری رکعت میں اس کو تھوک دینا مفید نہ رہے گا اور نماز کا اعادہ لازم ہو گا۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108200138

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں