بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

کتب معتبرہ میں صحابی رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب قول ہر چیز کا ایک پھل ہوتا ہے اور نماز کاپھل دعا ہے


سوال

کیا ایسی کوئی  حدیث ہے جس میں ہو کہ ہر چیز کا ایک پھل ہوتا ہے اور نماز کاپھل ، دعا ہے؟

جواب

مذكوره جمله دو صحابه رضي الله عنهما سے  كتب ميں منقول ہوا ہے : 

(1) حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہما سے رسول اللہ صلي اللہ علیہ وسلم کے سامنے اس جملہ کا نقل کرنا وارد ہواہے : 

ابن عساكر رحمہ اللہ  (المتوفي: 571ھ) تاریخ دمشق میں حافظ أبو زرعة  الرازی أحمد بن الحسين بن علي بن إبراهيم ابن الحكم بن عبد الله رحمہ اللہ کے تذکرہ میں نقل فرماتے ہیں  : 

"وروي أيضاً عن أبي الحسين بن الجنيد الرازي بدمشق بسنده عن نافع عن ابن عمر قال: أتى سعد بن أبي وقاص إلى رسول الله صلى الله عليه وسلم فقال له: بأبي وأمي يا رسول الله، علمت أن لكل شيء ثمرة، وثمرة الصلاة الدعاء، وأحب أن تعلمني يا رسول الله...إلخ." الحديث

’’یعنیحافظ أبو زرعة  الرازی أحمد بن الحسين بن علي بن إبراهيم ابن الحكم بن عبد الله رحمہ اللہ نے دمشق میں أبو الحسين بن الجنيد الرازی رحمہ اللہ سےان کی  سند کے ساتھ ابن عمر  رضی اللہ عنہما سے روایت کیا ہے، وہ فرماتے ہیں کہ سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلي اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے ، اور کہا  رسول اللہ صلي اللہ علیہ وسلم سے، اے اللہ کے رسول  صلی اللہ علیہ وسلم ! میرے ماں باپ آپ پر قربان ،میں جانتا ہوں کہ  ہر چیز کا ایک پھل ہوتا ہے، اور نماز کاپھل دعا ہے، میں پسند کرتا ہوں آپ مجھے (دعا) سکھائیں ... الخ۔ ‘‘

(تاريخ دمشق لابن عساكر (71/ 88) رقم الترجمة (9600)، ط/ دار الفكر1421ه)

مذکورہ متعلقہ جملہ طویل  روایت کی ابتدا میں  مذکور ہے، مکمل روایت کو دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ  یہ جملہ حسب روایت مذکورہ رسول اللہ صلي اللہ علیہ وسلم کے سامنے کہا گیا ہے، اور رسول اللہ صلي اللہ علیہ وسلم نے اس پر نکیر بھی نہیں فرمائی ہے، لہذا اس اعتبار سے یہ تقریر ًا حدیث  نبوی ہوئی،    لیکن چونکہ اس کی درمیان کی سند  کا ہمیں علم  نہیں، اور روایت سند کے اعتبار سے منقطع ہے، اس لیے اس کو یقینی طور پر  حدیث نبوی صلي اللہ  علیہ وسلم کہنا  ممکن نہیں۔

(2) حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے بھی یہی جملہ بعینہ  نقل ہوا ہے: 

ابن عبد البر رحمہ اللہ (المتوفی: 463 ھ)اپنی کتاب   "  التمهيد لما في الموطأ من المعاني والأسانيد"فرماتے ہیں : 

"وقال ابن مسعود: لكل شيء ثمرة، وثمرة الصلاة الدعاء."

(التمهيد (10/ 300)، ط/ مؤسسة القرطبه)

ابن عبد البر رحمہ اللہ نے بھی مذکورہ جملہ بغیر کسی سند کے ہی ابن مسعود   رضی اللہ عنہ سے  نقل فرمایا ہے ،لہذااسے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کا مقولہ کہہ کر نقل کیا جائے، حدیث کہہ کر نہیں۔

فقط واللہ اعلم   


فتوی نمبر : 144204201107

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں