بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

نمازِ جمعہ سے پہلے تین مرتبہ سورۂ قدر پڑھنے کی فضیلت سے متعلق ایک روایت کی تحقیق


سوال

درج ذیل روایت کی تحقیق درکار ہے:

’’جو کوئی نماز ِجمعہ سےپہلے تین مرتبہ ’’سورۂ  قدر‘‘پڑھتا ہے اللہ عزوجل اس روز کے تمام نماز پڑھنے والوں کی تعداد کے برابر اس کے لیے نیکیاں لکھتا ہے‘‘۔

جواب

سوال میں آپ نے جمعہ کےدن  نمازِ جمعہ سے پہلے  تین مرتبہ  ’’سورۂ  قدر‘‘ پڑھنے کی فضیلت سے متعلق جو روایت ذکر  کرکے اس کے بارے میں دریافت کیا ہے، یہ روایت  علامہ عبد الرحمن صفوری رحمہ اللہ کی کتاب"نزهة المجالس ومنتخب النفائس"میں  درج ذیل الفاظ میں مذکور ہے:

"عن علي -رضي الله عنه-: مَن قرأ إنّا أنزلناه في ليلة القدر بعد العشاء سبع مرّاتٍ عافاه الله مِن كلِّ بلاءٍ ودعا له سبعون ألف ملكٍ بالجنّة، ومَن قرأها يوم الجمعة قبل الصّلاة ثلاث مرّاتٍ كتب الله له مِن الحسنات بعدد مَن صلّى الجمعة في ذلك اليوم".

ترجمہ:

’’حضرت علي رضی اللہ عنہ سے روایت ہے :جو  شخص نمازِ عشاء کے بعد  سات مرتبہ "إنّا أنزلناه في ليلة القدر  " پڑھےگا  اللہ تعالی اسے ہربلا ومصیبت سے محفوظ رکھیں گے اور ستر ہزار فرشتے اس کے لیے جنت کی دعا کریں گے،اور جو شخص جمعہ کے دن نمازِ جمعہ  سےپہلے اسے(سورۂ  قدر ) تین مرتبہ پڑھےگااللہ تعالی اس  دن نمازِ جمعہ پڑھنے والوں  کی تعداد کے برابر اس کے لیے نیکیاں لکھیں گے‘‘۔

(نزهة المجالس ومنتخب النفائس، فصل في ليلة القدر وبيان فضلها، 1/170، ط: المطبعة الكاستلية-مصر)

علامہ عبد الرحمن صفور ی رحمہ اللہ نے یہ روایت  بغیر کسی سند کے حضرت علی رضی اللہ عنہ کی طرف منسوب کرکے ذکر کی ہے، اس کے علاوہ کسی اور کتاب میں   ہمیں یہ روایت(سند کے ساتھ یا بغیر کسی سندکے)  تلاش کے باوجود نہیں مل سکی،لہذا جب تک  کسی  معتبر سند سے اس کا ثبوت نہ مل جائے اس وقت تک اسے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب کرکے بیان کرنے سے احتراز کیاجائے۔فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144501101142

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں