بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

نماز جمعہ پر پابندی کی صورت میں قیام گاہ پر جمعہ ادا کرنا


سوال

دبئی میں نماز جمعہ پر پابندی ہے۔ کیا ہم اپنی قیام گاہ کی چھت پر نماز جمعہ ادا کر سکتے ہیں؟ ہم 40 سے زائد مسلمان ساتھی ہیں۔

جواب

جب تک شہر ، فنائے شہر یا بڑی بستی میں  جمعہ کی نماز مسجد میں جاکر پڑھنا ممکن نہ ہو تو  کم از کم چاربالغ  مرد  کسی جگہ یا گھر میں اکٹھے ہوکر جمعہ کی نماز پڑھیں، جس جگہ نماز ہورہی ہو اس کا دروازہ کھلا رکھا جائے اور اگر کوئی  نماز میں شریک ہونا چاہے تو اسے منع نہ کیا جائے۔

اگر آپ کے یہاں نماز جمعہ کے اجتماع پر پابندی تاحال برقرار ہے تو اس صورت میں شہر یا فنائے شہرمیں چار مرد یا چار زیادہ افراد اکٹھے ہوکر نماز جمعہ ادا کرسکتے ہیں، آپ کے ساتھ رہائش پذیر چالیس افراد کے لیے بھی مساجد میں پابندی کی صورت میں اپنی رہائش گاہ کی چھت پر نماز جمعہ قائم کرنادرست ہے ۔

 جمعہ کی نماز کا طریقہ یہ ہے کہ وقت داخل ہونے کے بعد پہلی اذان دی جائے، سنتیں ادا کرنے کے بعد  جمعہ پڑھانے والا شخص منبر،کرسی یا کسی اونچی جگہ بیٹھے،کوئی شخص اس کے سامنے کھڑے ہوکر دوسری  اذان کہے، اس کے بعدجمعہ پڑھانے والا پہلا خطبہ دے، خطبہ مکمل ہونے کے بعد تھوڑی دیر بیٹھےاور اس کے بعد دوسرا خطبہ کہے، خطبوں کے بعد اقامت  کہہ کر دو رکعت نمازِ جمعہ ادا کی جائے۔

 اگر شہر ، فنائے شہر  یا بڑی بستی میں  جمعہ کے وقت کم از کم چار افراد جمع نہ ہوسکیں، یا کوئی شخص جمعہ کی نماز نہ پڑھ سکا تو وہ جماعت کے بغیر اکیلے ظہر کی نماز پڑھے۔ فقط و اللہ اعلم


فتوی نمبر : 144112200197

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں