بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

نمازِ جنازہ کی دعا یاد نہ ہو تو دیکھ کر دعا پڑھنا


سوال

کیا کوئی ایسا شخص جو اپنے والد صاحب کی نماز جنازہ پڑھانا چاہتا ہو اور اس کی داڑھی بھی ہو، لیکن وہ نمازہ جنازہ کی مغفرت والی دعا زبانی نہ پڑھ سکتا ہو تو اس صورت میں کیا وہ شخص دیکھ کر دعا پڑھ سکتا ہے امامت کے دوران؟

جواب

واضح رہے کہ جنازہ کی نماز پڑھانے کے لیے امامت کا سب سے زیادہ حق دار مسلمانوں کا مسلمان خلیفہ بادشاہ اور حاکم اعلی ہے، اس کے بعد شہر کا مسلمان قاضی، اس کے بعد محلہ کی مسجد کا امام، کیوں کہ زندگی میں اس کے پیچھے نمازیں پڑھتا تھا، اس کے بعد ولی کا نمبر ہے جو میت کا قریبی رشتہ دار ہو یعنی بیٹا پھر باپ پھر حقیقی بھائی پھر علاتی بھائی وغیرہ، اور  جس طرح نماز میں دیکھ کر تلاوت کرنے سے نماز فاسد ہو جاتی ہے اسی طرح نماز جنازہ میں بھی دیکھ کر دعا پڑھنے سے نماز جنازہ فاسد ہو جاتی ہے۔

لہذا صورتِ مسئولہ میں جنازہ پڑھانے والے کو چاہیے کہ امامت کے لیے پہلے مذکورہ ترتیب کے مطابق جو موجود ہوں اس کو مقدم رکھے اور اگر ان میں سے کوئی موجود نہیں ہے اور میت کا ولی خود امامت کرنا چاہتا ہے تو  جو دعا اسے یاد ہو وہی دعا پڑھ لے،  نماز جنازہ میں دیکھ کر دعا پڑھنے سے نماز فاسد ہو جائے گی اور نماز جنازہ ادا نہ ہوگی۔ (ماخوذ از میت کے مسائل کا انسائیکلوپیڈیا)

بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع (1/ 316):

"(فصل): وأما بيان ما تفسد به صلاة الجنازة فنقول: إنها تفسد بما تفسد به سائر الصلوات وهو ما ذكرنا من الحدث العمد، والكلام، والقهقهة، وغيرها من نواقض الصلاة إلا المحاذاة فإنها غير مفسدة في هذه الصلاة."

الفتاوى الهندية (1/ 163):

"أولى الناس بالصلاة عليه السلطان إن حضر فإن لم يحضر فالقاضي ثم إمام الحي ثم الوالي، هكذا في أكثر المتون."

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144205200130

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں