بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

نفسیاتی مریض کے لیے راہ نمائی


سوال

 میرا ایک بھائی جو بہت زیادہ پڑھا لکھا بھی ہے، اس نے میری زندگی عذاب کر دی ہے،  ہر طرح سے سمجھوتا کر کے دیکھ لیا، پاؤں پکڑ  لیے، لیکن گھر میں ہر کسی سے اور خاص طور پر مجھ سے بہت لڑتا ہے،  میں اس کی کسی بات کا جواب نہیں دیتا حتی کہ اس نے مارا بھی،  لیکن میں خاموش رہا ،  سب گھر والے بہت تنگ ہیں،  اس  سے گھر پر کسی قسم کا کوئی کام نہیں کروانے دیتا، اس کے ٹینشن دینے کی وجہ سے،  میرے سر پر گھلٹیاں بن گئی ہیں، ڈاکٹر کہتے ہیں تم عنقریب نفسیاتی مریض بن جاؤ گے اور کافی حد تک بن بھی گئے ہو۔

میرا اصل سوال یہ ہے کہ میں ہر ٹائم ایک خوف کی کیفیت میں ہوں اور اس خوف نے میری ٹانگوں کی جان ختم کر دی ہے، اور خوشی کا احساس ختم کر دیا ہے، میری مذہبی زندگی بری طرح متاثر ہے، میں نماز تک نہیں پڑھ  سکتا، وضو کرتا ہوں  لگتا ہے اب گر جاؤں  گا، ایک مہینے سے کام پر نہیں گیا،  مجھے ایسا لگتا ہے میرا دماغ سو رہا ہے،  مجھے بتائیں  کہ میں اس چیز سے کیسے باہر آؤں  یا صرف اتنا بتا دیں کہ میں اپنے  مذہبی فرائض کس طرح پورے کر لوں تاکہ یہ زندگی تو چلو گزر جائے گی وہ زندگی خراب نہ ہو؟

جواب

صورتِ  مسئولہ میں بہتر ہے کہ آپ کسی نیک، صالح، متبعِ  شریعت شخص سے براہِ راست مشورہ کرکے اپنی مکمل کیفیت انہیں بتائیں۔ نیز طبی علاج بھی کرواتے رہیں۔ اور  قرآنِ  مجید  کی درج ذیل آیت ہر نماز کے بعد گیارہ مرتبہ پڑھ لیا کریں :

{وَ لِيَرْبِطَ عَلٰى قُلُوْبِكُمْ وَ يُثَبِّتَ بِهِ الْاَقْدَامَ} (پارہ نمبر 9، سورۃ الانفال، آیت نمبر 11)

نیز  پنج وقتہ نمازوں کی پابندی کے ساتھ،   کثرت سے استغفار اور اللہ کا ذکر کرنے سے بھی ذہن کو سکون اور راحت میسر ہوگا، اگر آپ کے والدین حیات ہیں تو انہیں کردار ادا کرنے کا کہیں، وہ دونوں حیات نہیں ہیں اور آپ برسرِ روزگار ہیں تو  نکاح کی ترتیب بناکر اپنی رہائش مستقل کرلیں، مایوس نہ ہوں، عزمِ نو کے ساتھ زندگی شروع کریں ۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144208200282

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں