بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

تم میری زمین پردرخت لگاؤ نفع آدھا آدھا ہوگا


سوال

ایک شخص کی زمین پر کچھ عرصہ بعد حکومت ڈیم بنا رہی تھی ،تو ہمارے ہاں یہ ہوتا ہے کہ جب حکومت کسی کی زمین پر کوئی چیز بناتی ہے تو مالک زمین کو زمین کی قیمت دیتی ہے ، اگر زمین پر آبادی یا پودے ہوں تو پھر اس کی بھی الگ قیمت دیتی ہے، تو اس طرح ہوا کہ مالک زمین نے ایک دوسرے شخص کو کہا کہ آپ اس میں پودے لگاؤ اور آپس میں یہ معاہدہ کیا کہ جب حکومت کی طرف سے پودوں کی قیمت آئے تو وہ آپس میں آدھا آدھا تقسیم کریں گے، چناں چہ اس شخص نے پودے لگائے، اب جب حکومت کی طرف سے پودوں کی قیمت  آگئی تو مالک زمین اس پودے لگانے والے شخص کو کہتا ہے کہ تمہارا اس میں کوئی حق نہیں ہے۔ لہذا آپ حضرات اس معاملے میں دلائل کے ساتھ شرعی حکم سے آگاہ فرمائیں ۔

جواب

صورت مسئولہ ميں جب مالك زمين نے دوسرے شخص سے کہا کہ تم پودے لگاؤ پودے ہمارے درمیان آدھے آدھے ہوں گے،حكومت جو پيسے دے گی وه ہمارے تمہارے درميان آدھوں آدھ ہوں گے تو یہ مساقات کا معاملہ ہے،اگر دوسرے شخص نے زمین میں پودے لگائے ہیں تو یہ  پودے دونوں کے درمیان مشترک ہیں، لہذا حکومت نے پودوں کے بدلے جو رقم دی ہے وہ دونوں کے درمیان مشترک ہوگی، لہذا زمین کےمالک کے ذمہ لازم ہے کہ وہ درختوں کے عوض  حکومت سے حاصل شدہ  رقم میں سے آدھی رقم درخت لگانے والے کو دے۔

فتاوی شامی میں ہے:

"(دفع أرضا بيضاء مدة معلومة ليغرس وتكون الأرض والشجر بينهما)۔۔۔۔(قوله بيضاء) أي لا نبات فيها (قوله مدة معلومة) وبدونها بالأولى (قوله وتكون الأرض والشجر بينهما) قيد به إذ لو شرط أن يكون هذا الشجر بينهما فقط صح.

مطلب يشترط في المناصبة بيان المدة قال في الخانية: دفع إليه أرضا مدة معلومة على أن يغرس فيها غراسا على أن ما تحصل من الأغراس والثمار يكون بينهما جاز اهـ ومثله في كثير من الكتب، وتصريحهم بضرب المدة صريح في فسادها بعدمه."

(‌‌كتاب المساقاة،مطلب في المساقاة على الحور والصفصاف،جلد:6،صفحه:289،طبعه:دار الفكر بيروت)

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144501100340

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں