بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

نابالغ بچوں کو مسجد لانے کا حکم، نابالغ سمجھ دار و ناسمجھ بچوں کو پہلی صف میں کھڑا کرنے کا حکم


سوال

نابالغ بچوں کو مسجد لانا کیسا ہے؟ اور صف اول میں نابالغ ناسمجھ بچوں کو کھڑا کرنا کیسا ہے؟

جواب

واضح رہے کہ  شریعتِ مطہرہ نے ولی کو اس بات کا پابند کیا ہے کہ وہ  سات سال کے بچے کو نماز پڑھنے کا حکم دیں،  لہذاسات سال یا اس سے زائد عمر کے نابالغ بچوں کو مسجد میں لانا جائز ہے، لیکن سات سال کی عمر سے کم کے بچے اگر پاکی  و ناپاکی کی تمییز رکھتے ہوں  اور شوروشغب نہ کرتے ہوں تو  انہیں مسجد لانا یا بھیجنا جائز ہے، بصورتِ دیگر بلا ضرورت  سات سال سے کم عمر کے بچوں کو مسجد میں لانا جائز نہیں، تاکہ وہ مسجد کو ناپاک نہ کریں، حدیث شریف میں بھی بہت چھوٹے بچوں کو مسجد میں لانے سے منع کیا گیا ہے۔

 اگر ایک ہی نابالغ بچہ ہو تو اسے بالغوں کی صف میں کھڑا کیا جائے اور اگر ایک سے زیادہ بچے ہوں تو بہتر یہ ہے کہ انہیں بالغوں کی صف کے پیچھے کھڑا  کیا جائے، مگر اس زمانے میں نابالغ  بچوں کو مردوں کی صفوں میں کھڑا کرنا چاہیے، کیوں کہ دو یا زیادہ بچے ایک جگہ جمع ہوکر  نہ صرف اپنی نماز خراب کریں گے، بلکہ دوسروں کی نماز میں بھی خلل ڈالنے کا سبب بن سکتے ہیں، تاہم ایسی صورت میں بہتر یہ ہے کہ بچے کا سرپرست اسے اپنے ساتھ لے کر صف کی ایک جانب کھڑا ہو۔ نیز  بالغ اور باشرع افراد کی موجودگی میں پہلی صف میں امام کے قریب بچے نہ کھڑے ہوں، امام کے قریب وہ افراد کھڑے ہوں جو بوقتِ ضرورت امامت کرسکتے ہوں۔

تاہم  بچوں کو ڈانٹ کر یا سختی کے ساتھ ہاتھ سے پکڑ کر پیچھے کی صف میں بھیجنا درست نہیں ہے، اس سے بچوں کی تربیت نہیں ہوسکے گی اور وہ مسجد سے دور ہوسکتے ہیں۔ اگر بچے نماز کے دوران مسجد میں شوروغل کریں تو انہیں  نرمی اور محبت کے ساتھ سمجھا دینا چاہیے، سخت لہجہ سے پیش نہیں آنا چاہیے۔

خلاصہ یہ ہے کہ پہلی صف میں سمجھ دار نابالغ بچے کا کھڑا ہونا شرعاً ممنوع نہیں ہے، البتہ اسے امام کے قریب نہیں کھڑا ہونا چاہیے، لیکن اگر بچے زیادہ کم عمری کی وجہ سے بالکل ناسمجھ ہوں تو پھر ان کو مسجد کی جماعت کی نماز میں شرکت کے لیے لانا ہی ٹھیک نہیں ہے؛ کیوں کہ ایسے بچوں کے بارے میں ہمیشہ اندیشہ رہے گا کہ وہ مسجد کو ناپاک کردیں گے یا اگر وہ نماز کے دوران رونے لگ جائیں تو اپنے سرپرست سمیت تمام نمازیوں کی نمازوں میں خلل ڈالنے کا سبب بنیں گے۔

الدر المختار وحاشية ابن عابدين،كتاب الصلاة،باب ما يفسد الصلاة 1 / 656 ط: سعيد:

"ويحرم إدخال صبيان ومجانين حيث غلب تنجيسهم وإلا فيكره".

(قوله: ويحرم إلخ) لما أخرجه المنذري مرفوعًا: «جنّبوا مساجدكم صبيانكم ومجانينكم، وبيعكم وشراءكم، ورفع أصواتكم، وسلّ سيوفكم، وإقامة حدودكم، وجمروها في الجمع، واجعلوا على أبوابها المطاهر»، بحر. 

البحر الرائق ، كتاب الصلاة، باب الإمامة 3 / 416 ط:دار الفكر:

(قوله: و يصف الرجال ثم الصبيانثم النساء)؛ لقوله عليه الصلاة والسلام: ليليني منكم أولو الأحلام والنهى...و لم أر صريحًا حكم ما إذا صلى ومعه رجل و صبيّ، و إن كان داخلاً تحت قوله: "و الاثنان خلفه" و ظاهر حديث أنس أنه يسوي بين الرجل و الصبي و يكونان خلفه؛ فإنه قال:  فصففت أنا و اليتيم وراءه، و العجوز من ورائنا، و يقتضي أيضًا أن الصبيّ الواحد لايكون منفردًا عن صف الرجال بل يدخل في صفهم، و أن محلّ هذا الترتيب إنما هو عند حضور جمع من الرجال و جمع من الصبيان فحينئذ تؤخر الصبيان. 

التحرير المختار، كتاب الصلاة، باب الإمامة  1 / 571 ط: سعيد:

(قوله: ذكره في البحر بحثًا) قال الرحمتي: ربما يتعين في زماننا إدخال الصبيان في صفوف الرجال، لأنّ المعهود منهم إذا اجتمع صبيّان فأكثر تبطل صلاة بعضهم ببعض و ربما تعدّى ضررهم إلى إفساد صلاة الرجال، انتهى."

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144204200041

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں