بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

نابالغ بچوں کے اموال میں زکات کا حکم


سوال

ایک سال قبل میری والدہ کا  انتقال ہو گیا تھا ، اب ان کے کچھ زیورات تھے مثلا سونے کی بالیاں لاکٹ وغیرہ، اس کو ایک سال کا وقت گزر چکا ہے، وہ چیزیں میں نے اپنی بیٹیوں کے لیے وقف کر دی ہیں، جب وہ بڑی ہوجائیں گی، تو میں ان کو دے دوں گا۔ انشاء اللہ ۔ابھی ان کی عمریں بہت کم ہیں، ایک چار سال کی ایک تین سال کی ہے۔

میراسوال  یہ ہے کہ ان کے اوپر جو زکوۃ بنے گی وہ دینی ہوگی یا نہیں ؟ سونے کی مقدار میرے خیال سے تقریبا ایک یا دو تولہ ہوگی،فی الوقت وہ چیزیں میرے پاس ہیں۔

جواب

صورتِ مسئولہ میں اگر آپ کی والدہ کے آپ کے علاوہ دیگر ورثاء بھی ہیں، تو یہ سونا تمام ورثاء میں تقسیم ہوگا،سائل تنہا مالک نہیں ہوگا اور اگر صرف آپ ہی وارث ہیں، تو جب تک آپ یہ سونا بچیوں کو دے نہیں دیتے، اور یہ صراحت نہیں کر دیتے کہ یہ سونا بچیوں کو دے دیا ہے، جب بڑی ہوں گی تو ان کے حوالے کر دوں گا، تب تک یہ سونا آپ کی ملکیت ہے، اور آپ پر اس کی زکوۃ لازم ہوگی، لیکن اگر صراحت کر دی، تو پھر بچیوں کی طرف سے آپ کا قبضہ ان کا قبضہ سمجھا جائے گا، اور  جب تک وہ نابالغ ہیں ان پر زکوٰۃ واجب نہیں ہوگی، بچیوں کے بالغ ہونے کے بعد جتنا سونا جس بچی کو آپ نے دیا ہے وہ صاحب نصاب ہونے کی صورت میں اس کی زکوۃ اداکرےگی۔

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"(ومنها العقل والبلوغ) فليس الزكاة على صبي."

(كتاب الزكاة، الباب الأول في تفسير الزكاة وصفتها وشرائطها، ١٧٢/١، ط:رشيدية)

الجوہرۃ النیرۃ میں ہے:

"(قوله وليس على صبي ولا مجنون ولا مكاتب زكاة) فإن قيل لم ذكر الصبي والمجنون وقد عرفا بقوله على البالغ العاقل قلنا ذكره للبيان من جهة النفي والإثبات كما في قوله تعالى {فاعتزلوا النساء في المحيض ولا تقربوهن حتى يطهرن} [البقرة: 222] وإنما لم تجب على الصبي لأنه غير مخاطب بأداء العبادة ولهذا لا تجب عليه البدنية كالصلاة والصوم والجهاد ولا ما يشوبها المال كالحج."

(كتاب الزكاة، ١١٤/١، ط:المطبعة الخيرية)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144509100233

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں