بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

نا محرم دوست لڑکی کا دوستی برقرار رکھنے اور بات چیت کرنے پر اصرار کرنا اور تعلق توڑنے پر دھمکی دینا


سوال

شادی سے پہلے سے میرا ایک لڑکی کے ساتھ تعلق ہے،  اب چوں کہ میں شادی شدہ بھی ہوں اور ویسے بھی گناہ کا عمل ہونے کی وجہ سے اس سے بات بھی نہیں کرنا چاہتا،  مگر وہ ذرا ذرا سی بات پر دھمکاتی ہے کہ خودکشی کر لوں گی یا آپ کے گھر آؤں گی وغیرہ. اور وہ چاہتی ہے کہ ہر وقت بس اس سے ہی بات کروں, اگر کہیں کسی اور کی کال آ جاۓ یا میں مصروفیت کے باعث بات نہ کروں یا رات کو کہیں یہ کہہ دوں کہ مجھے سونا ہے اب تو  اس کے یہ ردعمل شروع ہو جاتے ہیں.. آپ سے درخواست ہے کہ راہ نمائی فرما دیں کہ ایسی صورت میں کیا کروں؟

جواب

کسی بھی نا محرم لڑکی سے دوستی کا تعلق رکھنا اور فون یا میسج وغیرہ کے ذریعہ گپ شپ کرنا شرعاً ناجائز اور سخت گناہ کی بات ہے، اس لیے آپ ماضی میں کیے گئے اس گناہ پر اللہ تعالیٰ کے دربار میں سچے دل سے توبہ کریں اور اللہ تعالیٰ سے سچے دل سے یہ عہد کریں کہ آئندہ اس گناہ سے بالکل دور رہیں گے، مذکورہ لڑکی کو بھی ایک مرتبہ یہ بات سمجھا دیں کہ یہ کام ناجائز اور گناہ کا باعث ہے؛ اس لیے آپ آئندہ اس سے بات چیت نہیں کریں گے، اور یہ کہ اسے بھی اس کام سے توبہ کرنی چاہیے، اس کے بعد آپ اس سے بالکل بھی رابطہ کرنے یا اس کے فون و میسج وغیرہ کا جواب دینے سے باز  آجائیں،  اگر وہ لڑکی بھی توبہ کر کے اس کام کو چھوڑ دے تو بہت اچھا ہے، لیکن اگر وہ بات چیت کرنے پر بضد رہے تو آپ اس کی بات ہرگز نہ مانیں اور نہ ہی اس کی کسی قسم کی دھمکی کو خاطر میں لائیں؛ کیوں کہ اگر وہ خدانخواستہ کوئی غلط حرکت (خود کشی وغیرہ کی کوشش) کرے گی تو اس کی ذمہ دار اور جواب دہ وہ خود ہوگی، آپ پر اس کی کوئی ذمہ داری شرعاً عائد نہیں ہوگی، اور اگر آپ کو یہ اندیشہ ہو کہ وہ آپ کے گھر آکر سب کچھ بتادے گی تو آپ مناسب وقت دیکھ کر خود ہی اپنی گھر والی کو اعتماد میں لے کر ساری صورتِ حال بتادیں؛ تاکہ پہلے ہی معاملہ صاف ہوجائے اور کسی قسم کی بدگمانی پیدا نہ ہو پائے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144109200529

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں