بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

مسلمانوں کے خلیفہ اول


سوال

ہمارے نبی کریم صلی اللہ  علیہ وآلہ  وسلّم کے بعد پہلا خلیفہ کون تھا ، کچھ کا ماننا ہے حضرت  علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ  تھے، جب کہ کچھ کا ماننا ہے حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ  تھے، ان میں سے  درست کیا ہے؟

جواب

حضور اقدس    صلی اللہ علیہ السلام کے بعد ، مسلمانوں کے  سب سے پہلے خلیفۂ راشد حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہیں،  حضرت ابوبکر صدیق کے  خلیفہ بلافصل ہونے کی طرف  حضور  صلی اللہ علیہ السلام کی زندگی میں    آپ کے فرامین اور اعمال سے بھی  اشارہ ملتا   رہا، اسی لیے رسول اللہ صلی اللہ  علیہ والہ وسلم  کے پردہ فرما جانے کے بعد  امت (جميع صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین)  نے حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ  کو بطورِ خلیفہ انتخاب  کیا،   سب نے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ہاتھ پر  خلافت کی بیعت فرمائی، اگر   حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا  خلیفہ بلافصل ہونا  بر حق نہ ہوتا تو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کبھی اس پر اتفاق نہ کرتے۔

 حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ  نے وصال سے قبل   حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کو بلا کر بطورِ وصیت  اپنے ولی عہد  کا نام لکھوا دیا، آپ کے وصال کے بعد تمام صحابہ رضی اللہ عنہم  سے دریافت  کیا گیا کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے  جس شخصیت کے بارے میں خلیفہ مقرر کرنے کی وصیت کی ہے، اس سے سب متفق ہیں؟ جس پر سب نے اتفاق کیا، یوں حضرت عمر رضی اللہ عنہ خلیفہ ثانی مقرر ہوئے،  حضرت عمر رضی اللہ عنہ  کی شہادت کے بعد خلیفہ ثالث  کے انتخاب کی ذمہ داری چھ کبار صحابہ (  حضرت عثمان ، حضرت علی،  حضرت عبد الرحمن بن عوف،  حضرت طلحہ، حضرت زبیر،  اور حضرت سعد بن ابی وقاص  رضی اللہ  عنہم ) کے سپرد  ہوئی، ان چھ حضرات نے خلیفہ ثالث  کے انتخاب کا اختیار حضرت عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ  کو  دے دیا،  انہوں نے حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ کا انتخاب کیا، یوں حضرت عثمان رضی اللہ عنہ خلیفہ ثالث مقرر ہوئے،  حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی شہادت  کے بعد  کبار صحابہ  انصار و مہاجرین  رضی اللہ عنہم نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ  کے ہاتھ پر بیعت فرمائی، یوں حضرت علی رضی اللہ عنہ  خلیفہ  رابع مقرر ہوئے،پس  خلفائے راشدین کا انتخاب    باجماع صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم تکوینی طور پر ہوا تھا۔

اعتقاد أئمة الحديث لأبي بكر الجرجاني میں ہے:

" [خلافة الخلفاء الراشدين]

ويثبتون خلافة أبي بكر رضي الله عنه بعد رسول الله صلى الله عليه وسلم، باختيار الصحابة إياه، ثم خلافة عمر بعد أبي بكر رضي الله عنه باستخلاف أبي بكر إياه، ثم خلافة عثمان رضي الله عنه باجتماع أهل الشورى وسائر المسلمين عليه عن أمر عمر ثم خلافة علي بن أبي طالب رضي الله عنه عن بيعة من بايع من البدريين عمار بن ياسر وسهل بن حنيف ومن تبعهما من سائر الصحابة مع سابقه وفضله."

( خلافة الخلفاء الراشدين، ص: 71، ط: دار العاصمة - الرياض)

شرح العقائد النسفيةمیں ہے:

"وخلافتهم أي نيابتهم عن الرسول في إقامة الدين، بحيث يجب على كافة الأمم الاتباع، على هذا الترتيب أيضا، يعني أن الخلافة بعد رسول الله عليه السلام لأبي بكر، ثم لعمر، ثم لعثمان، ثم لعلي، وذلك لأن الصحابة قد اجتمعوا يوم توفي رسول عليه السلام في سقيفة بني ساعدة، واستقر رأيهم بعد المشاورة والمنازعة على خلافة أبي بكر رضي الله عنه، فاجمعوا على ذلك وبايعه علي رؤس الأشهاد بعد توقف كان منه، ولو لم تكن الخلافة حقا له لما اتفق عليه الصحابة، و لنازعه علي كما نازع معاوية، ثم إن أبا بكر رضي الله عنه ولا احتج عليهم لو كان في حقه نص، كما زعمت الشيعة، و كيف يتصور في حق أصحاب رسول الله عليه السلام الإتفاق علي الباطل، و ترك العمل بالنص الوارد، ثم إن أبا بكر لما يئس من حياته، دعا عثمان، و أملى عليه كتاب عهده لعمر رضي الله عنه فلما كتب ختم الصحيفة و اخرجها الي الناس، وأمرهم أن يبايعوا لمن في الصحيفة، فبايعوا حتي مرت بعلي فقال: بايعنا لمن فيها و إن كان عمر، و بالجملة وقع الإتفاق علي خلافته، ثم استثهد عمر، وترك الخلافة شورى بين ستة: عثمان، وعلي، وعبد الرحمن بن عوف، وطلحة، وزبير، وسعد ابن أبي وقاص رضي الله عنهم، ثم فوض الأمر خمستهم إلى عبد الرحمن بن عوف، ورضوا بحكمه، فاختار عثمان، وبايعه بمحضر من الصحابة، فبايعوه وانقادوا لأوامره و صلوا معه الجمع و الأعياد، فكان اجماعا، ثم استثهد وترك الأمر مهملا، فأجمع كبار المهاجرين و الأنصار على علي رضي الله عنه، والتمسوا منه قبول الخلافة وبايعوه، لما كان أفضل أهل عصره وأولاهم بالخلافة."

( ص:150-152، ط: المصباح)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144501100474

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں