بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

ملازمت، تنگ دستی اور پریشانیوں کے حل کے لیے راہ نمائی


سوال

ملازمت کے مسائل ہیں، پریشانی ہے، تنگ دستی بھی رہتی ہے، بھائی بہنوں میں نااتفاقی بھی رہتی ہے، کامیابی کا سفر جیسے رک سا جاتا ہے،  سمجھ نہیں آتا کہ کیا کروں ، نماز بھی پڑھتا ہوں ، کوئی خاص عمل بتادیں۔

اور اس وظیفہ کے بارے میں بھی راہ نمائی فرمادیں : "یا باسط، یا فاتح، یا کریم"

جواب

سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات سے مایوس نہ ہوں، ہر تکلیف و آزمائش اور سہولت وخوشی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے،  اس لیے پریشانیوں اورمصائب کا حل رجوع الی اللہ ہے، یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہونا، اللہ تعالیٰ کی طرف توبہ و استغفار کے ذریعے بھی متوجہ ہوں اور اپنے مسائل کا حل اللہ تعالیٰ کے حوالے کردیجیے،  اور اللہ تعالیٰ کو اپنے مسائل کے حل کا وکیل بنادیجیے، اللہ تعالیٰ کبھی آپ کا سہارا نہیں چھوڑیں گے۔

نیز اس کے ساتھ  بہت زیادہ شکر کی عادت اپنالیجیے، بسا اوقات ہمیں ظاہر میں یہ محسوس ہوتاہے کہ ہمیں کوئی نعمت حاصل نہیں، اور ہر طرف سے ہم پریشانیوں میں گھرے ہوئے ہیں، جب کہ ہر آن و ہر لحظہ ہم اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں ڈوبے ہوئے ہیں، اس لیے ظاہر میں پریشانی ہی کیوں نظر نہ آئے بندے کا کام ہر وقت مالک کا شکر ادا کرنا ہے، اللہ تعالیٰ ضرور اپنے انعامات میں اضافہ فرمائیں گے اور دنیاوی پریشانیاں بھی ان شاء اللہ حل ہوجائیں گی۔ 

بہر حال  اللہ تعالیٰ سے تعلق قائم کرنے اور اسے مضبوط کرنے کی ہر انسان کو ضرورت ہے، اگر نمازوں کی پابندی نہیں ہے تو پنج وقتہ نماز کا اہتمام کیجیے، اور   سورہ واقعہ اور سورہ طارق،  فجر اور مغرب کے بعد ایک ایک مرتبہ پڑھنےکا اہتمام کریں ،  استغفارکی کثرت کریں،   نمازوں کے بعد دعائیں بھی کیجیے اور حسبِ توفیق صدقہ دیا کیجیے۔

اپنے مسائل کے حل کے لیے درج ذیل اوراد کا اہتمام کیجیے:

1۔  ہر مشکل اور پریشانی کے حل کے لیے مندرجہ ذیل تسبیح صبح اورشام سات سات مرتبہ پڑھیں ۔

’’حَسْبِىَ اللَّهُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ‘‘.

حدیث شریف میں ہے جوآدمی صبح اورشام سات سات مرتبہ یہ دعا پڑھے گااللہ تعالیٰ اس کی تمام مشکلات کو حل فرمائیں گے۔(سنن ابی داود)

3- رزق کی وسعت، برکت اور ترقی کے لیے درج ذیل اوراد میں سےکا معمول بنالیں :

(1)  فجر  کی نماز کے بعد ستر مرتبہ پابندی سے یہ آیت پڑھا کریں، ان شاءاللہ رزق کی تنگی سے محفوظ رہیں  گے:

 اَللَّهُ لَطِيفٌ بِعِبَادِهِ يَرْزُقُ مَن يَشَاء وَهُوَ الْقَوِيُّ العَزِيزُ ( الشوری: ۱۹)

(2)  ہر نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:

"اَللّٰهُمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ".

2۔ باقی آپ نے جو وظیفہ ذکر کیا ہے، اس کے الفاظ بھی درست ہیں،  سب اللہ  تعالیٰ کے اسماء ہیں، بطور مجرب اس کے پڑھنے میں حرج نہیں ہے۔

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144206200602

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں