بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

7 ذو القعدة 1445ھ 16 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

ملاعبت سے انزال ہونے کے بعد کھانے اور پینے کاحکم


سوال

 ایک آدمی نے اپنی بیوی کے ساتھ ملاعبت کی اس دوران بغیر دخول کے انزال ہوگیا یعنی روزہ فاسد ہوگیا،  اس کے  بعد اس نے کھا پی بھی  لیا  اور دخول بھی کرلیا تو اس کا کیا حکم ہے؟

جواب

صورتِ  مسئولہ میں روزے کی حالت میں بیوی سے ملا عبت کرنے کی صورت میں مرد کو انزال ہو اعورت  کو نہیں ہوا تو اس صورت میں مرد کاروزہ فاسد ہوگیا عورت کا روزہ برقرار تھا ،اور احترام رمضان میں  باقی دن  مرد کو کھانے پینے سے  اجتناب کرنا ضروری تھا ،لیکن اس کے بعد اگر دونوں نے کھا پی لیا یا دخول کر لیا  اور اس عمل میں عورت پر شرعی جبربھی نہ تھاتومرد پر صرف قضاء لازم ہے جبکہ عورت پر قضاء اور کفارہ دونوں لازم ہیں ، لیکن اگر دونوں کو  انزال ہوا اس  کے بعد دونوں نےکھا  اور پی لیا پھر دخول بھی کیاتو اس صورت میں دونوں پر  روزے کی قضا  ضروری ہے  کفارہ لازم  نہیں ہے ۔

فتاوى هندية میں ہے: 

"من جامع عمداً في أحد السبيلين فعليه القضاء والكفارة، ولايشترط الإنزال في المحلين، كذا في الهداية. وعلى المرأة مثل ما على الرجل إن كانت مطاوعةً، وإن كانت مكرهةً فعليها القضاء دون الكفارة".

(کتاب الصوم ،فصل مایجب القضاء والکفارۃ،1/ 205،المطبعة الكبرى الأميرية ببولاق مصر)

فتاوى هندية  میں ہے :

''وإذا قبل امرأته، وأنزل فسد صومه من غير كفارة، كذا في المحيط. ۔۔۔۔ والمس والمباشرة والمصافحة والمعانقة كالقبلة، كذا في البحر الرائق''.

(کتاب الصوم ، النوع الاول مایجب  القضاء دون الکفارۃ،1/ 204،المطبعة الكبرى الأميرية ببولاق مصر)

الدر المختار وحاشية ابن عابدين  میں ہے :

"ولذا ذكر في البدائع الأصل المذكور ثم قال: وكذا كل من وجب عليه الصوم لوجود سبب الوجوب والأهلية ثم تعذر عليه المضي بأن أفطر متعمدًا أو أصبح يوم الشك مفطرًا، ثم تبين أنه من رمضان أو تسحر على ظن أن الفجر لم يطلع ثم تبين طلوعه، فإنه يجب عليه الإمساك تشبهًا اهـ".

(کتا ب  الصوم ،باب ما یفسد الصوم ومالایفسدہ 2 / 408،سعید)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144409101247

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں