بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

مختلف اوقات میں مختلف سورتوں کا استحباب


سوال

 نماز فجر کے بعد سورہ یس پڑھنا مسنون ہے تو اسی طرح بقیہ نمازوں کے بعد کون سی کون سی سورتیں مسنون ہیں؟

جواب

اَحادیثِ شریفہ میں فرض نمازوں کے بعد مختلف دعائیں اور اَذکار مذکور ہیں، لیکن نماز کے بعد  قرآن کی  کسی مخصوص سورت کا پڑھنا لازم نہیں ہے، فجر کی نماز کے بعد یاسین پڑھنے کے حدیث  میں صراحت نہیں ہے، البتہ حدیث مبارکہ میں یہ موجود ہے، جس شخص نے دن کے شروع میں سورة یٰس  پڑھی تو اس کی حاجات  پوری کی جائیں گی۔  (مشکاۃ)، اس لیے فجر کے بعد  سورۂ یاسین پڑھنے سے یہ فضیلت حاصل ہوجائے گی، اسی طرح فجر سے پہلے پڑھنے سے بھی حاصل ہوجائے گی۔ 

نیز ہر نماز کے بعد معوذتین (سورۂ فلق اور سورۂ ناس) پڑھنا مستحب  ہے۔

اسی طرح سوتے وقت  آیۃ الکرسی، آخری تین قل، سورۂ بقرہ کی آخری آیتیں پڑھنا، اور سورۂ  ملک، سورہ الم سجدہ  پڑھ کر سونا بھی حدیث میں منقول ہے، اور اس کے بہت سے  فضائل وارد ہوئی ہیں۔

نیز جمعہ کے دن یا رات میں سورۂ کہف پڑھنا مستحب ہے۔

حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ سورہ سجدہ اور سورہ ملک پڑھے بغیر نہیں سوتے تھے۔(ترمذی)

نیز رات کو سورۂ واقعہ پڑھنے کے بہت سے فضائل وارد ہوئے ہیں، حضرت عبداللہ بن مسعودحضور صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان نقل کرتے ہیں کہ جو شخص ہر رات سورہ واقعہ پڑھے گا، اسے کبھی فاقہ نہیں ہوگا اور حضرت ابن مسعود اپنی بیٹیوں کو حکم فرماتے  وہ ہررات سورہ واقعہ پڑھا کرتی تھیں۔ (بیہقی بحوالہ فضائل قرآن)

باقی روزانہ کے اذکار کے لیے  الحزب الاعظم ، مناجات مقبول نامی کتاب سے استفادہ مفید رہے گا۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144110201201

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں