بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

محتاجی سےحفاظت اور رزق میں برکت کا وظیفہ


سوال

عرض ہے کہ کوئی ایسی دعا بتا دیں جس کے باعث زندگی میں کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے  اور عزت سے گزر بسر ہو جائے،محتاجی نہ  ہو کبھی،کرائے کے مکان میں رہتے ہیں کرائے کی ادائیگیوں اور اخراجات کے انتظام میں آسانی ہو جائے۔

جواب

آپ   پنج  وقتہ  نماز کا اہتمام کریں، اور  فرض نمازوں کے بعد  اللہ تعالیٰ سے دعا کریں،  اور ساتھ ساتھ مندرجہ ذیل سورت  اور  دعائیں یقین کامل کے ساتھ پڑھیں  ،استغفار کی  کثرت  اور  حسبِ استطاعت صدقے کا معمول رکھیں، ان شاء اللہ'  اللہ تعالیٰ ہر طرح کی محتاجی سے حفاظت فرمائیں گے، نیز یہ وہم نہ کریں کہ تنگدستی میں صدقہ کیسے کروں؟ بلکہ ہر شخص اپنی حیثیت کے مطابق صدقہ کر سکتا ہے:

1: حضرت عبد اللہ ابن مسعود ( رضی اللہ عنہ ) سے روایت ہے  کہ رسول کریم ( صلی اللہ علیہ و سلم ) نے فرمایا جو شخص رات  میں سورۂ واقعہ پڑھتا ہے وہ کبھی بھی فاقہ کی حالت کو نہیں پہنچتا،حضرت  عبد اللہ ابن مسعود ( رضی اللہ عنہ ) اپنی صاحب زادیوں کو حکم دیا کرتے تھے کہ وہ ہر رات  میں یہ سورت پڑھا کریں۔

2 : "أَللّهمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ"

3 : "اَللّٰهُمَّ اغْفِرْ لِيْ ذَنْبِيْ، وَوَسِّعْ لِيْ فِيْ دَارِيْ، وَبَارِكْ لِيْ فِيْ رِزْقِيْ."

ترجمہ : اے اللہ ! میرے گناہ بخش دیجیے،اور میرے گھر میں وسعت اور میرے رز ق میں برکت عطاءفرما۔

4: حضرت مولانا شاہ عبد الغنی پھولپوری ( رحمۃ اللہ علیہ ) نے فرمایا کہ حضرت حاجی امداد اللہ ( رحمۃ اللہ علیہ ) سے منقول ہے کہ جو شخص صبح کو 70 مرتبہ پابندی سے یہ آیت پڑھا کرے وہ رزق کی تنگی سے محفوظ رہے گا اور فرمایا کہ بہت مجرب عمل ہے ، آیت یہ ہے:

 ﴿اَللّٰهُ لَطِیْفٌ بِعِبَادِه یَرْزُقُ مَنْ یَّشَآءُ وَهُوَ الْقَوِيُّ الْعَزِیْزَ﴾   (سورۃ الشوریٰ،آیت:19)

(معارف القرآن،ج:7،ص:687)

5:حضرت ابو ہریرہ ( رضی اللہ عنہ ) فرماتے ہیں:ایک روز میں رسول کریم ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کے ساتھ باہر نکلا اس طرح کہ میرا ہاتھ آپ کے ہاتھ میں تھا،آپ کا گزر ایک ایسے شخص پر ہوا جو بہت شکستہ حال اور پریشان تھا،آپ ( صلی اللہ علیہ و سلم ) نے پوچھا کہ تمہارا یہ حال کیسے ہوگیا؟اس شخص نے عرض کیا کہ بیماری اور تنگ دستی نے یہ حال کردیا،آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) نے فرمایا:میں تمہیں چند کلمات بتلاتا ہوں وہ پڑھوگے تو تمہاری بیماری اور تنگ دستی جاتی رہے گی وہ کلمات یہ تھے:

تَوَكَّلْتُ عَلَی الْحَیِّ الْذِيْ لَایَمُوْتُ، اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِيْ لَمْ يَتَّخِذْ وَلَدًا وَّ لَمْ یَکُنْ لَّهُ شَرِیْكٌ فِي الْمُلْكِ وَ لَمْ یَکُنْ لَّهُ وَلِيٌّ مِّنَ الذُّلِّ وَ كَبِّرْهُ تَکْبِيْرًا.

مشکاۃ المصابیح میں ہے :

"وعن ابن مسعود قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: "من قرأ سورة الواقعة في كل ليلة ‌لم ‌تصبه ‌فاقة أبدا" . وكان ابن مسعود يأمر بناته يقرأن بها في كل ليلة. رواه البيهقي في شعب الإيمان."

 (‌‌‌‌مشكاة المصابيح،كتاب فضائل القرآن،الفصل الثالث،ج: 1،ص: 688،ط: المكتب الإسلامي)

سنن النسائی میں ہے:

"9828- أخبرنا محمد بن عبد الأعلى قال: حدثنا المعتمر يعني ابن سليمان قال: سمعت عبادا يعني ابن عباد بن علقمة يقول: سمعت أبا مجلز، يقول: قال أبو موسى: أتيت رسول الله صلى الله عليه وسلم وتوضأ، فسمعته يدعو يقول: «اللهم اغفر لي ذنبي، ووسع لي في داري، وبارك لي في رزقي» قال: فقلت: يا نبي الله، لقد سمعتك تدعو بكذا وكذا قال: «وهل تركن من شيء؟."

( كتاب السنن الكبرى النسائي ،  كتاب عمل اليوم والليلة - باب: ما يقول إذا توضأ،ج: 9،ص: 36 -  الناشر: مؤسسة الرسالة - بيروت)

فقط وا للہ اعلم


فتوی نمبر : 144408100770

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں