بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

محسن رسول نام کا مطلب اور حکم


سوال

محسن رسول نام رکھنا کیسا ہے ؟اس کا کیا مطلب بنے گا؟

جواب

محسن کے معنی احسان کرنے والا اور رسول  لغت میں مطلق پیغام پہنچانے والے کو کہتے ہیں،چناں چہ اضافت کے ساتھ محسنِ رسول پڑھنا درست نہیں ہوگا،کیوں کہ اس صورت میں معنی ہوں گے ایسا شخص جس نے رسول پر احسان کیا ہو ،اور یہ معنی واقعہ کے خلاف ہیں ،نیز خود حدیث میں ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا :" ابو بکر   کے سوا تمام لوگوں کے احسان کا بدلہ ادا کرچکا ہوں"،البتہ اگر صفت موصوف مراد لیا جائے،اس صورت میں معنی ہوگا ایسا احسان کرنے والا شخص جو رسول(پیغام) پہنچانے والا ہے ،اس صورت میں معنی کے لحاظ سے خرابی نہیں،  لیکن ہمارے عرف میں  رسول کی اصطلاح  عرف میں پیغمبروں ہی   کے لیے استعمال کی جاتی ہے اور مطلق پیغام پہنچانے والے کو کوئی بھی رسول نہیں کہتا، لہذا  صرف محسن نام رکھ  لیا جائے   یا  انبیاء اور صالحین کےناموں پر نام رکھا جائے،حدیث میں ہے  انبیاء کے ناموں پر نام رکھو  اور تمہارے ناموں میں سے بہتر نام عبد اللہ اور عبد الرحمن ہےاور سب سے سچے نام حارث اور ہمام ہیں،نیز ناموں کے سلسلے میں جامعہ کی ویب سائٹ سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے:اسلامی نام

مسند احمد میں ہے :

"حدثنا هشام بن سعيد، حدثنا محمد بن مهاجر، يعني أخا عمرو بن مهاجر قال: حدثني عقيل بن شبيب، عن أبي وهب الجشمي، وكانت صحبة قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: " ‌تسموا ‌بأسماء ‌الأنبياء، وأحب الأسماء إلى الله عز وجل عبد الله وعبد الرحمن، وأصدقها حارث وهمام، وأقبحها حرب ومرة، وارتبطوا الخيل، وامسحوا بنواصيها وأعجازها، أو قال: وأكفالها، وقلدوها ولا تقلدوها الأوتار، وعليكم بكل كميت أغر محجل أو أشقر أغر محجل، أو أدهم أغر محجل."

(‌‌مسند الكوفيين،حديث أبي وهب الجشمي له صحبة،ج31،ص377،رقم:19032،ط:مؤسسة الرسالة)

القاموس الوحید میں ہے:

"اَحسَنَ :اچھا کرنا،اچھا کام کرنا،نیکی کرنا."

(حسن،ص285،ط:ادارہ اسلامیات)

و فیہ ایضاً:

"الرسول:قاصد،فرستادہ،پیغمبرپیغامبر."

(رسل،ص511،ط:ادارہ اسلامیات)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144411102232

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں