بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

محمد روحان نام کا حکم


سوال

محمد روحان نام کا معنی اور اس نام کی تفصیل کے بارے میں بتائیے؟ کیا یہ نام رکھنا اچھا ہے؟ اس کے بارے میں تفصیل بتائیے؟

جواب

 " محمد" نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا نام ہے ،  سعادتوں اور برکتوں کے حصول کے لیے نیز محبت وعقیدت میں نامِ نامی اسمِ گرامی ’’محمد‘‘ (ﷺ)" کی نسبت سے   ’’ محمد‘‘  نام  رکھنے کو  یا بطور برکت نام کے شروع میں لانے کو علماء وصلحاء نے انتہائی مستحسن قرار دیاہے، اور بعض احادیث میں اس کے فضائل بھی وارد ہیں ،"روحان" عربی زبان کا لفظ ہے ،اس کا مادہ "روح "ہے  (’’راء‘‘کے زبر کے ساتھ  )اس کا معنی ہے :خوش گوار، بادِ نسیم، مہربانی، رحم، خوشی و مسرت،ایک شہر کا بھی نام ہے ،اس لفظ کے معانی اچھے ہیں؛ لہذا یہ نام رکھنا درست ہے۔

’ ’رُوحان‘‘ (را پر پیش اور واو مدہ کے ساتھ) ’’روح‘‘  کی تثنیہ ہے، اور روح کے مختلف معانی ہیں، جن میں سے مشہور و معروف معنی ’’روح‘‘ ہی ہے۔ اس لحاظ سے ’’روحان‘‘ کا معنی ہوگا: ’’دو روحیں‘‘، یہ نام رکھنا درست نہیں ہے۔

القاموس الوحید میں ہے :

"الروح:مہربانی،رحم ،باد ِ نسیم ،لطیف ہوا ،خوش گوار دن ،خوشی ومسرت ".

(ص:682،ادارہ اسلامیات)

تاج العروس  میں ہے :

"{والرَّوْحُ أَيضاً: السُّرُورُ والفَرَحُ. واستعارَه عليٌّ رَضِيَ اللَّهُ عنهُ لليَقِينِ فَقَالَ: (باشرُوا رَوْحَ اليَقِينِ) ، قَالَ ابْن سَيّده: وَعِنْدِي أَنه أَراد (السُّرورَ الحادِثَ من اليَقِينِ)".

(ج:6،ص:426،وزارۃ الارشاد والانباء فی الکویت)

وفيه أيضاّ:

"{والرَّوْحَانُ: ع ببلادِ بني سَعْد) بنِ ثَعْلَبة".

(ج:6،ص:430،وزارۃ الارشاد والانباء فی الکویت)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144408100419

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں