بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

معیز نام رکھنا، ناموں کے لیے پتھر مخصوص کرنا


سوال

معیز کے نام کا کون سا پتھر ہے؟

جواب

نام یا تاریخ پیدائش کے اعتبار سے اپنے لیے پتھر مخصوص کرنا یا ان پتھروں کا انگوٹھی میں استعمال کرنا (مثلاً: عقیق، فیروز، یاقوت وغیرہ) اور ان کے  بارے میں یہ اعتقاد ویقین رکھنا کہ فلاں پتھر میری زندگی پراچھے اثرات ڈالتا ہے یہ عقیدہ غلط ہے، اور  اس عقیدے کے ساتھ انگوٹھی پہننا ناجا ئز وحرام ہے۔ زند گی پراچھے برے اثرات انسان کے اپنے عملِِ صالح یا عملِِ بد سے آتے  ہیں، نہ کہ پتھرسے۔  مذکورہ عقیدہ نہ ہوتو  اپنے ذوق کے اعتبار سے کوئی بھی پتھر لگایا جاسکتا ہے۔

البتہ مذکورہ نام رکھنے اور اس کے معنی کے بارے میں تفصیل یہ ہے کہ :

مُعَيْز(میم کے پیش، عین کے زبر اور یاء کے سکون کے ساتھ، زُبَیر کی طرح) لفظِ مَعْزکی تصغیر ہے، اس کا معنٰی ہے: بالوں والی بکری کا چھوٹا سا بچہ۔ حدیث کے ایک راوی گزرے ہیں "ابن مُعَيْزٍ" جنہوں نے آپ صلی اللہ علیہ و سلم کا زمانہ پایا ہے، لیکن آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی زیارت نہیں کرسکے، انہوں نے حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کی ہے، اس اعتبار سے یہ تابعی ہیں؛ لہٰذا  محمد مُعَيْز نام رکھنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

البتہ مَعِيْز(میم کے زبر اور عین کے زیر کے ساتھ، معز کی جمع) اور  مُعِيْز (میم کے پیش اور عین کے زیر کے ساتھ) نام رکھنا درست نہیں ہے۔

اگر یہ لفظ آخر میں ذال کے ساتھ ہو یعنی مُعِيْذتو میم کے پیش اور عین کے زیر کے ساتھ بھی یہ نام رکھ سکتے ہیں۔ "مُعِيْذ"کا معنی ہے: پناہ دینے والا۔

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144212201089

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں