بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

موزوں پر مسح کے احکام


سوال

میں نے سنا ہے کہ وضو کرکے چمڑے کے موزے پہن لئے جائیں تو دوبارہ وضو کرتے ہوئے پاوں دهونا ضروری نہیں، کیا اس کے لئے کوئی خاص قسم کے چمڑے کے موزے ہوتے ہیں یا آج کل جو مارکیٹ میں دستیاب ہیں وہ بهی ٹهیک ہیں؟دوسرا سوال یہ کہ کتنے گهنٹے تک ہم بلاپیر دهوئے وضو کرسکتے ہیں؟ کیا وضو اتنے گهنٹوں تک برقرار رہے گا؟

جواب

اگر موزے مخصوص شرائط پر پورے اترتے ہوں اور پاکی کی حالت میں پہنے گئے ہوں تو پاوں دهونے کی بجائے ان موزوں پر مسح جائز ہے، اس کی تفصیل یہ ہے کہ ایسے موزے جو پورے چمڑے کے ہوں یا ان کے اوپر اور نچلے حصے میں چمڑا ہو یا صرف نچلے حصے میں چمڑا ہو ان پر مسح کرنا جائز ہے، اسی طرح ایسی جرابیں جن میں تین شرطیں پائی جائیں: 1 گاڑھے ہوں کہ ان پر پانی ڈالا جائے تو پاوں تک نہ پہنچے. 2 اتنے مضبوط ہوں کہ بغیر جوتوں کے بهی تین میل پیدل چلنا ممکن ہو. 3 سخت بهی ایسی ہوں کہ بغیر باندهے پہننے سے نہ گریں، ان پر بهی مسح جائز ہے، ان کے علاوہ اونی سوتی یانائلون کی مروجہ جرابوں پر مسح جائز نہیں، مسح کرنے کا طریقہ یہ ہے پاوں دهوکر پاکی کی حالت میں موزے پہنے جائیں، اس کے بعد پہلی بار وضو ٹوٹ جانے پر وضو کرتے ہوئے موزوں پر مسح کرسکتے ہیں ، یعنی موزوں کے اوپر والے حصے پر گیلا ہاته پهیریں گے یعنی پاوں کی انگلیوں پر تر ہاته رکه کر اوپر کی طرف کهینچیں گے، مسح کی مدت مقیم کے لئے ایک دن اور ایک رات یعنی چوبیس گهنٹے ہیں ، جبکہ مسافر کے لئے تین دن اور تین راتیں یعنی بہتر گهنٹے ہیں، یہ مدت موزے پہننے کے بعد پہلی بار وضو ٹوٹنے کے بعد سے شروع ہوتی ہے، اس دوران اگر کوئی وضو توڑنے والی صورت پیش آئے تو وضو ٹوٹ تو جاتا ہے اور اسی طرح دوبارہ وضو بهی کرنا ہوگا، البتہ پیر دهونے کی بجائے ان پر مسح کرنا جائز ہوتا ہے، واللہ اعلم


فتوی نمبر : 143604200030

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں