بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

موٹرسائیکل پر نہ بیٹھنے کی قسم کھانے کے بعد اسی موٹرسائیکل پر بیٹھنے کا حکم


سوال

اگرکوئی شخص اللہ کی قسم اٹھاۓکہ:'' اللہ کی قسم  میں اس موٹر سائیکل پر نہیں بیٹھوں گا''، بعدمیں وہ اسی موٹرسائیکل پر بیٹھ جاتا ہے، تو اس کاکیا حکم ہو گا؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں اگر کوئی شخص یہ کہے کہ :اللہ کی قسم میں  اس موٹرسائیکل پر نہیں بیٹھوں گا،تو اس سے قسم منعقدہوجائے گی، بعد میں اسی موٹرسائیکل پر بیٹھنے سے مذکورہ شخص حانث ہوجائےگااور اس پر قسم کا کفارہ اداکرنا لازم ہوگااور قسم کاکفارہ یہ ہے کہ دس مسکینوں کو دووقت پیٹ بھرکرکھاناکھلائے یا دس مسکینوں کو ایک ایک جوڑالباس دےدے اور اگر اس کی استطاعت نہ ہو توتین روزے مسلسل رکھے ۔

فتاوی شامی میں ہے:

"(اليمين) لغة القوة. وشرعا (عبارة عن عقد قوي به عزم الحالف على الفعل أو الترك."

(کتاب الایمان،ج:3،ص:703،ط:سعید)

فتاوٰی ہندیہ میں ہے:

"ومنعقدة، وهو أن يحلف على أمر في المستقبل أن يفعله، أو لا يفعله، وحكمها لزوم الكفارة عند الحنث كذا في الكافي۔۔۔والمنعقدة في وجوب الحفظ أربعة أنواع) نوع منها يجب إتمام البر فيها، وهو أن يعقد على فعل طاعة أمر به، أو امتناع عن معصية، وذلك فرض عليه قبل اليمين، وباليمين يزداد وكادة..ملخصاً."

(كتاب الأيمان،الباب الأول في تفسيرها شرعا وركنها وشرطها وحكمها، ج:2،ص:52، ط: رشيدية)

جامع الفتاوی میں ہے:

"کفارہ قسم کتناہے؟اورکیاتھوڑاتھوڑااداکرناصحیح ہے؟

سوال:کفارہ قسم کیاہے؟اور اگر کوئی شخص کفارہ اس طرح اداکرےکہ آج کچھ دیااور تھوڑاہفتہ دوہفتہ کے بعدمساکین کودیاتوکیاکفارہ اداہوجائےگا؟۔جواب:قرآن کریم میں قسم کا کفارہ یہ بیان کیا گیاہےکہ اولاًغلام آزادکرے، اگر میسرنہ ہوتودووقت دس مسکینوں کو کھاناکھلائے ، اگر یہ بھی نہ ہوسکےتویاتین روزے رکھے،کھاناایک مسکین کو بھی دس دن تک دونوں وقت کاکھلایاجاسکتاہے،یانقد دےدے اورتھوڑاتھوڑاکرکےدینا بھی درست ہے،بشرطیکہ دس مسیکینوں تک پہنچ جائےیایہ کہ ایک مسکین کو دس دن کھلایاجائے یانقد دےدیاجائے۔"

(باب الایمان والنذر،ج:10،ص:288،ط:ادارۃ تالیفاتِ اشرفیۃ)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144408101300

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں