بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 شوال 1445ھ 27 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

مسلمان عورت جنت کیسے کمائے؟


سوال

ایک بیوہ مسلمان عورت کیا کام کرے کہ آسانی سے جنت کما سکے؟ کیا گھر سے باہر نکل کر کوئی دینی کام کر سکتی ہے ، جب کہ عورت کو قرآن مجید میں گھر میں رہنے کا حکم ہے؟

جواب

حدیث شریف میں ہے کہ جس عورت نے پانچوں وقت کی نماز پڑھی، رمضان کے روزے رکھے، اپنی شرمگاہ کی حفاظت کی، اور اپنے خاوند کی فرماں برداری کی تو اسے کہا جائے گا کہ جنت کے جس دروازے سے چاہے داخل ہوجا!،اور ایک دوسری حدیث میں ہے کہ جس عورت کا انتقال ایسی حالت میں ہوا کہ اس کا خاوند اس سے راضی تھا ، تو وہ عورت  جنت میں جائے گی۔

جنت میں جانے کا آسان طریقہ مذکورہ بالا احادیث میں بیان ہوا ہے، نیز بیوہ عورت کو چاہیے کہ خاوند کے مرنے کے بعد بھی اُس کے لیے استغفار اور ایصال ثواب کرتی رہے کہ اس سے  ان شاء اللہ وہ فرماں بردار شمار ہوگی، زندگی میں اگرکو تاہی  بھی ہوئی تو اس سے تلافی ہوجائے گی۔ عورت کے لیے گھر سے باہر نکل کر دین کی  خدمت کرنا ضروری نہیں ہے، گھر میں رہتے ہوئے اگر اولاد ہو تو اس کی تربیت پر پوری توجہ دے، اور اگر قرآن اچھا  پڑھنا جانتی ہو ،اور دین کے مسائل کا علم بھی ہو تو محلے کی خواتین کو جمع کرکے انہیں قرآن کی تعلیم دے اور دینی مسائل سکھائے کہ یہ  عظیم ثواب کا کام ہے۔ 

"مسند احمد" میں ہے:

" حدثنا يحيى بن إسحاق، حدثنا ابن لهيعة، عن عبيد الله بن أبي جعفر، أن ابن قارظ أخبره عن عبد الرحمن بن عوف قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: " إذا صلت المرأة خمسها، وصامت شهرها، وحفظت فرجها، وأطاعت زوجها، قيل لها: ادخلي الجنة من أي أبواب الجنة شئت ".

(مسند عثمان بن عفان،ج:3،ص:199،ط: الرسالة)

"مشكاة المصابيح" ميں  ہے:

"وعن أم سلمة قالت: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «أيما امرأة ماتت وزوجها عنها راض ‌دخلت ‌الجنة . رواه الترمذي"

(كتاب النكاح، باب عشرة النساء، ج:2،ص:972، ط:المكتب الاسلامي)

فقط واللہ تعالی اعلم


فتوی نمبر : 144507101901

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں