بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

مشکاۃ ،کنیز اور ادینہ نام رکھنا


سوال

مشکاۃ فاطمہ یا کنیز فاطمہ،اور ادینہ نام رکھنا کیسا ہے؟ 

جواب

1۔’’مشکاۃ ‘‘کے معنی ہیں: (1)  چراغ دان ، دیوار میں چراغ رکھنے کا طاق ، (2) شمع دان ، لیمپ اسٹینڈ (3) دیواری انگیٹھی ۔ (القاموس الوحید،ص:883)  

’’مشکاۃ فاطمہ ‘‘ کا مطلب ہوگا: فاطمہ کا چراغ دان،یہ نام رکھ سکتے ہیں ،البتہ بہتر یہ ہے کہ صرف فاطمہ نام رکھ لیا جائے ۔

2۔ــ’’کنیز ‘‘ کامعنی ہے:لونڈی ۔(فیروزاللغات،ص:1038)

’’کنیز فاطمہ ‘‘ کا مطلب ہے فاطمہ کی لونڈی ،یہ نام بھی  رکھ سکتےہیں، البتہ بہتر یہی ہے کہ صرف فاطمہ نام رکھ لیا جائے ۔

3۔’’ادینہ‘‘ کا لفظ اگر الف ممدودہ کے ساتھ ہو ،یعنی ’’آدینہ ‘‘ تو  یہ فارسی زبان کا لفظ ہے اور  اس کا معنی ہے :جمعہ کا دن ،یہ نام رکھ سکتے ہیں ۔

اور اگر اس کا تلفظ ’’عدینہ ‘‘ ہو تو  یہ عربی زبان کا لفظ ہے اور اس  کے معنی ہیں:۱- وہ پیوند جو ڈول کے نچلے حصے میں لگایا جاتا ہے۔۲- توشہ دان کے قبضے پر لگایا گیا منقش پیوند۔ وغیرہ ، یہ  معنے ایسے اچھے نہیں کہ نام رکھنے کا باعث بن سکیں۔ بہتریہ ہے کہ صحابیات رضی اللہ عنہن میں سے کسی کا نام رکھ لیا جائے؛ تاکہ ان کے نام کی برکت بھی حاصل ہو۔ 

وفي لسان العرب :

"والعدينة: الزيادة التي تزاد في الغرب، وجمع العدينة عدائن. يقال: غرب معدن إذا قطع أسفله ثم خرز برقعة؛ وقال:والغرب ذا العدينة الموعبا. الموعب: الموسع الموفر. أبو عمرو: العدين عرى منقشة تكون في أطراف عرى المزادة، وقيل: رقعة منقشة تكون في عروة المزادة. وقال ابن شميل: الغرب يعدن إذا صغر الأديم وأرادوا توفيره زادوا له ‌عدينة أي زادوا له في ناحية منه رقعة. والخف يعدن: يزاد في مؤخر الساق منه زيادة حتى يتسع، قال: وكل رقعة تزاد في الغرب فهي ‌عدينة، وهي كالبنيقة في القميص."

(13/ 280،الناشر: دار صادر - بيروت)

غیاث اللغات میں ہے:

’’آدینہ  بیای معروف بروزن خاگینہ در فارسی و ترکی نام روز جمعہ است ۔‘‘

(ص:6،ط:ایچ ایم سعید)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144411102656

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں