بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

میزان بینک میں سرمایہ کاری کرنے یا قرضہ لینے کا حکم


سوال

1۔کیامیزان بینک صرف اسلامی بینک ہےیایہ بھی باقی بینکوں کی طرح سودی نظام کےتحت اپنی خدمات فراہم کررہاہے؟

2۔میزان بینک سےگاڑی یاگھربنانےکےلیےقرضہ لیناکیساہے؟بینک گاڑی کےلیےرقم کچھ ڈاؤن پیمنٹ اورکچھ بطورِ کرایہ کےوصول کرتی ہے۔

3۔میزان بینک ایک سیونگ سرٹیفیکیٹ اپنےدوخواست دہندہ کویہ کہتےہوئےفراہم کرتاہےکہ آپ کی رقم کاروبارمیں لگائی جائی گی اورمہینےکےآخر میں یابعد از مہینہ ایک مخصوص رقم بطورِ منافع درخواست گزارکو دی جاتی ہے،اس کےبارےمیں کیااحکامات ہیں؟

جواب

1۔واضح رہےکہ  مروجہ اسلامی بینکوں  کااور ان سےمنسلکہ اداروں کا  اگرچہ یہ دعویٰ ہے کہ وہ اسلامی بینک ہےاور علماءِ کرام کی نگرانی میں  شرعی اصولوں کے مطابق کام کرتے ہیں،لیکن  میزان بینک سمیت کسی بھی مروجہ اسلامی بینک کے معاملات مکمل طور پر شرعی اصولوں کے مطابق نہیں ہیں،مروج اسلامی  بینک اور  روایتی بینک کےبہت سے  معاملات  تقریباً  ایک جیسے  ہیں۔

2۔  بینک سے قرض لے کر جو اضافی رقم دی جاتی ہے وہ سود ہے، جس کا لینا دینا شرعاً ناجائز اور حرام ہے،چوں کہ کسی  بھی بینک سے  قرضہ لینے کی صورت میں سود کا معاہدہ کرنا پڑتا ہے،   اس لیے میزان بینک سمیت کسی بھی مروجہ اسلامی بینک سےگاڑی خریدنےیا گھر بنانے کےلیے قرض لینا جائز نہیں ہے   ، لہذا اگر قرض لینا ہی ہو تو غیر سودی قرضہ حاصل کر یں۔

3۔ مروجہ اسلامی بینکوں  میں سرمایہ کاری  کرنا شرعاً جائز نہیں ہے۔

تفصیل کے لیے  ” مروجہ اسلامی بینکاری“  نامی کتاب کو مطالعہ کیاجائے۔

حدیث شریف  میں ہے:

"عن جابر رضي الله عنه قال: " لعن رسول الله صلى الله عليه وسلم ‌آ كل ‌الربا وموكله وكاتبه وشاهديه، وقال: "هم سواء".

(مشكاة المصابيح ،باب الربوا، ص: 243، ط: قدیمی)

ترجمہ:”رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سُود کھانے والے ، کھلانے والے ، (سُود کا حساب) لکھنے والے  اورسود پر گواہ بننے والے پر لعنت کی ہے۔ ‘‘

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144405100144

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں