بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

میت کے سرہانے قرآن پاک اور اس میں نقدی رکھنا


سوال

کیا میت کے سرہانے غسل کے بعد قرآن پاک  رکھنا،اور اس میں نقدی  رکھنا (جو کہ دفنانے کے بعد مولوی وصول کر لیتا ہے)  درست ہے ؟

جواب

واضح رہے کہ میت کے سرہانے قرآن پاک رکھنا اور اسی طرح اس میں نقدی رکھنانبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم، صحابہ کرام، تابعین تبع تابعین اور ائمہ مجتہدین سے ثابت نہیں ہے، اور اگر ثواب سمجھ کریہ عمل کیاجائے، تو یہ بدعت ہے،جس سے بچنا ضروری ہے،اگر تمام ورثاء بالغ ہیں اور اب ایصال ثواب کرنے پر راضی ہیں تو  مذکورہ طریقہ کے بجائے ویسے  پیسے صدقہ کریں،اور اس کاثواب میت کو بخش دیں، باقی اس کے لیے کوئی وقت اور تاریخ خاص نہ کریں۔

النہر الفائق میں ہے:

"(والمبتدع) أي: صاحب ‌البدعة ،مِن ابتدع الأمر أحدثه ثم غلب على الزيادة في الدين أو النقصان منه كذا في (المغرب) وعرفها بما أحدث على خلاف الحق المتلقى عن رسول الله - صلى الله عليه وسلم - من علم أو عمل أو حال بنوع شبهة واستحسان/ وجعل دينًا قيمًا وصراطًا مستقيمًا."

(كتاب الصلاة، ‌‌باب الإمامة والحدث في الصلاة،٢٤٢/١، ط:دار الكتب العلمية)

علامہ شاطبی رحمہ اللہ’’الاعتصام‘‘میں بدعات کی تعیین کرتے ہوئے لکھتے ہیں:

"ومنها: التزام الكيفيات والهيئات المعينة."

( الباب الأول تعريف البدع وبيان معناها،٥٣/١ط:دار ابن عفان)

فتاوی مفتی محمود میں ہے:

"س:کیا فرماتے ہیں علماء دین اس مسئلہ کے بارہ میں کہ میت کے ساتھ دفن سے پہلے قرآن مجید رکھتے ہیں،اور بعد از ادائیگی نمازِجنازہ قرآن مجید اٹھالیتے ہیں، اس سے مقصود محض شفاعت مطلوب ہوتی ہے، کیاایسا کرنا شرعاً جائز ہے یاقبیح؟

ج: یہ طریق خلافِ سنت ہے، اور ناجائز ہے، اس کو بالکل ترک کیاجائے، کتاب وسنت میں کہیں اس کا ثبوت نہیں، اور نہ ہی فقہاء نے لکھاہے، بل کہ جو طریقہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ سے منقول ہے، اس کے خلاف ہے۔"

(کتاب الجنائز،ج:3، ص: 136،ناشر:محمد ریاض درانی)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144507100541

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں