بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

مسجد میں نماز سے پہلے صف بندی کیسے کرنی چاہیے؟


سوال

مسجد میں داخل ہو کر پہلے  صف بندی کیسے کرنی  چاہیے؟ پہلے دائیں طرف بھرنی  چاہیے یا ایک دائیں اور ایک بائیں بیٹھنا چاہیے؟

جواب

مسجد میں جماعت سے پہلے داخل ہونے کی صورت میں جہاں سہولت سے جگہ ملے  وہیں بیٹھ جائے۔ اور جماعت کے لیے  صف  بندی کی ترتیب یہ ہے کہ اولاً پہلی صف مکمل کی جائے، اس کے بعد دوسری صف بنائی جائے ، اس کے بعد تیسری ،چوتھی صف بنائی جائے، اور ہر صف کی ترتیب میں شرعی طریقہ یہ ہے کہ پہلے آنے والا شخص امام کے پیچھے کھڑا ہو، دوسرے نمبر پر آنے والا پہلے کی دائیں جانب اور تیسرے نمبر پر آنے والا پہلے کی بائیں جانب ، اس کے بعد چوتھے نمبر پر آنے والا دوسرے کی دائیں جانب اور پانچویں نمبر پر آنے والا تیسرے کی بائیں جانب کھڑا ہو اور اس طرح پوری صف بنائی جائے، یہ نہ ہو کہ امام کی ایک جانب مقتدی زیادہ ہوں اور دوسری جانب کم ہوں۔

اگر جماعت سے پہلے ہی اتنے نمازی آجاتے ہوں کہ پہلی صف مکمل ہوجاتی ہو تو ایک ایک شخص گن کر دائیں یا بائیں جگہ دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے، جس طرف جگہ ملے بیٹھ جائے، البتہ اگر جماعت شروع ہوتے وقت پہلی صف  ہی مکمل نہ ہوتو اس میں اس بات کا لحاظ رکھنا چاہیے کہ امام درمیان میں ہو، ایسا نہ ہو کہ دائیں طرف زیادہ رجحان ہو، جس کی وجہ سے امام درمیان میں نہ رہے۔

فتاوی شامی میں ہے:

"وفي القهستاني: وكيفيته أن يقف أحدهما بحذائه والآخر بيمينه إذا كان الزائد اثنين ولو جاء ثالث وقف عن يسار الأول والرابع عن يمين الثاني والخامس عن يسار الثالث وهكذا اهـ  وفيه إشارة إلى أن الزائد لو جاء بعد الشروع يقوم خلف الإمام ويتأخر المقتدي الأولى ويأتي تمامه قريبًا ... ومتى استوى جانباه يقوم عن يمين الإمام إن أمكنه."

(حاشية ابن عابدين: كتاب الصلاة، باب الإمامة ( 567، 568)،ط. سعيد، كراتشي)

فقط، واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144209202077

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں