مسجد میں جمعہ کے دن شیرنی تقسیم کرنا کیسا ہے؟
مسجد میں مٹھائی یا شیرنی تقسیم کرنے سے اگر شور وشغب ہوتا ہو، یا مسجد کا فرش خراب ہوتا ہو، یا جمعہ کے دن شیرنی تقسیم کرنے کو لازم سمجھا جاتا ہو، یا اس کے لیے لوگوں کو چندہ دینا پر مجبور کیا جاتا ہو تو یہ جائز نہیں ہے۔
اور اگر مذکورہ کوئی خرابی نہ پائی جائے اور کوئی شخص اپنے طور پر مسجد میں شیرنی تقسیم کردے تو اس میں مضائقہ نہیں ہے، اس صورت میں بھی بہتر یہ ہے کہ خشک چیز تقسیم کی جائے؛تاکہ مسجد کا فرش وغیرہ خراب نہ ہو اور مسجد کے اندر تقسیم کرنے کے بجائے دروازے پر تقسیم کردیا جائے۔(مستفاد فتاوی رحیمیہ 6/243۔ کفایت المفتی3/210)
بہرصورت اگر ہر جمعے اس کا اہتمام کیا جائے تو یہ مناسب نہیں اگرچہ اسے لازم نہ سمجھاجائے، ہاں کبھی کبھی لازم سمجھے بغیر تقسیم کردی جائے تو مذکورہ شرائط کے ساتھ اجازت ہوگی۔ فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144205200397
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن