بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 شوال 1445ھ 27 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

مسجد کی صف کو ختم کر کے مقامی آبادی کے لیے راستہ بنانا


سوال

ایک علاقہ میں مقامی آبادی کے لیے ایک راہ داری کی ضرورت در پیش ہوئی، اس ضرورت کے تحت ایک مسجدِ شرعی سے تقریباً ایک صف کے قریب جگہ دی گئی، یعنی اس صف کو ختم کر کے راستہ بنا دیا جائے، آیا ایسا کرنا جائز ہے کہ نہیں؟ 

واضح رہے کہ مقامی آبادی کے لیے اس جگہ کے علاوہ فی الحال راستہ بنانے کے لیے کوئی اور صورت نہیں ہے، آس پاس کی زمین ان کے مالک دینے کو تیار نہیں ۔

جواب

واضح  رہے کہ جو جگہ مسجد کے لئے وقف ہوجائے ، وہ ہمیشہ کے لئے وقف ہوجاتی ہے اور زمین کے جس حصہ میں مسجدِ  شرعی تعمیر کردی جائے،  وہ  جگہ تا قیامت مسجد کے لیے مختص ہوجاتی ہے،  اُس جگہ کو فروخت کرنا، کسی دوسرے مصرف میں استعمال کرنا  شرعًا جائز نہیں ہے۔

 لہذا صورتِ مسئولہ میں مسجد کی صف ختم کر کے اس کی جگہ کو  مقامی آبادی کے لیے راستہ بنانا جائز نہیں ہے،راستہ کے لیے اس کا کوئی اورجائز متبادل حل نکالا جائے۔جن افراد کی زمینیں ہیں اگر وہ بلا عوض دینے کے لیے تیار نہ ہوں تو اہلِ محلّہ کچھ عوض کا انتظام کر کے زمین لینے کی کوشش کریں۔

فتاوی شامی میں ہے:

"(ولو خرب ما حوله واستغني عنه يبقى مسجداً عند الإمام والثاني) أبداً إلى قيام الساعة، (وبه يفتي) حاوي القدسي."

(کتاب الوقف،ج: 4، ص: 358، ط: سعید)

فتاوی ہندیہ میں ہے:

" إن أرادوا أن يجعلوا شيئا من المسجد طريقا للمسلمين فقد قيل: ليس لهم ذلك وأنه صحيح، كذا في المحيط."

( كتاب الوقف، الباب الحادي عشر في المسجد وما يتعلق به، الفصل الأول فيما يصير به مسجدا، ج: 2، ص: 457، ط: رشيديه)

المحیط البرہانی میں ہے:

"وفي قسمة فتاوي أبي الليث: الطريق إذا كان واسعاً، فبنى فيه أهل المحلة مسجداً للعامة، ولا يضر ذلك بالطريق، فلا بأس به....وإن أرادوا أن يجعلوا شيئاً من المسجد طريقاً للمسلمين، فقد قيل: ليس لهم ذلك وإنه صحيح."

(کتاب الوقف، الفصل الحادي والعشرون في المساجد وهو أنواع: ج:6، ص:96، ط: دار إحیاء التراث العربي)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144311101103

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں