1۔مسجد کی رقم سے اگر امام مسجد کے مکان کے لیے جگہ خریدی گئی تو وہاں امام صاحب کا مکان بنانا کیساہے ؟
2۔اور زكاة کی رقم سے بنات کامدرسہ بنانا کیساہے ؟
1۔امامِ مسجد چوں کہ متعلقاتِ مسجد ہی میں سے ہے ، اس لیے انتظامیہ کا مسجد کی رقم سے امام کی رہائش کے لیے جگہ خریدنا اور مکان تعمیر کرنا درست ہے۔
البحر الرائق شرح كنز الدقائق میں ہے:
"السادسة في بيان من يقدم مع العمارة وهو المسمى في زماننا بالشعائر ولم أره إلا في الحاوي القدسي قال والذي يبتدأ به من ارتفاع الوقف عمارته شرط الواقف أو لا ثم ما هو أقرب إلى العمارة وأعم للمصلحة كالإمام للمسجد والمدرس للمدرسة يصرف إليهم إلى قدر كفايتهم ثم السراج والبساط كذلك إلى آخر المصالح ، وظاهره تقديم الإمام والمدرس على جميع المستحقين بلا شرط."
(كتاب الوقف، الاستدانة لأجل العمارة في الوقف، ج:5، ص:230، ط:دار الكتاب الإسلامي)
2۔ زکاةادا ہونے کے لیے زكاة کی رقم کسی مستحقِ زكاة شخص کو بغیر عوض کے مالک بناکر دینا ضروری ہے،جب کہ شفاخانہ، مدارس ومساجد کی تعمیر ودیگر رفاہی اداروں میں زكاة کی رقم لگانے کی صورت میں تملیک (یعنی مستحقِ زکات شخص کو بغیر عوض کے مالک بناکر دینا)کی شرط نہ پائی جانے کی وجہ سے ان مقامات ميں زكاة كي رقم صرف كرنا جائز نہیں ہے۔
فتاوی ہندیہ میں ہے:
"لا يجوز أن يبني بالزكاة المسجد، وكذا القناطر والسقايات، وإصلاح الطرقات، وكري الأنهار والحج والجهاد، وكل ما لا تمليك فيه، ولا يجوز أن يكفن بها ميت، ولا يقضى بها دين الميت كذا في التبيين."
(کتاب الزکاۃ، الباب السابع فی المصارف، ج:1، ص:188، ط: رشیدیه)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144208201410
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن