بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 جمادى الاخرى 1446ھ 13 دسمبر 2024 ء

دارالافتاء

 

مسجد کے اسپیکر سے گمشدگی کا اعلان کرنا


سوال

اگر کوئی بچہ گم ہو جائے اس کی گمشدگی کا مسجد کے اسپیکر سے اعلان کرنا کیسا ہے ؟

جواب

مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے صرف مسجد سے متعلق اعلانات کرنا جائز ہیں، دنياوی اعلانات كرنا جائز نہيں، اس  لیے کہ یہ اسپیکر اذان اور نماز  وغیرہ  کے لیے وقف ہیں نہ کہ اعلانات  کے لیے، اس کی بہتر صورت یہ ہے کہ اس نوعیت کے اعلانات کے لیے مسجد سے باہر الگ سے اسپیکر وغیرہ لگالیے جائیں۔ البتہ انسانی جان  کی اہمیت کے پیشِ  نظر جنازہ، گم شدہ بچے کا اعلان کرنا مسجد  کے اسپیکر سے جائز ہے۔

فتاوی شامی میں ہے:

"شرط الواقف کنص الشارع أي في المفهوم والدلالة ووجوب العمل به."

(كتاب الوقف،مطلب في وقف المنقول قصدا،ج:4،ص:366،سعيد)

آپ کے مسائل اور ان کا حل میں ہے:

"مسجد میں گمشدہ بچے کا اعلان انسانی جان کی اہمیت کے پیشِ نظر جائز ہے"

س… مسجد میں لاوٴڈ اسپیکر سے مختلف قسم کے اعلانات ہوتے ہیں، جلسہ کے انعقاد کا، ضروری کاغذات کا، گمشدہ رقم، بچے کی گمشدگی، نمازِ جنازہ اور جانوروں کی گمشدگی کا، مثلاً: فلاں صاحب کا بکرا گم ہوگیا ہے، اسلامی نقطہٴ نگاہ سے یہ کیسے ہیں؟ اور کس قسم کے اعلانات دُرست ہیں؟

ج… مسجد میں گمشدہ چیز کی تلاش کے لئے اعلان کرنا جائز نہیں، حدیث شریف میں اس کی سخت ممانعت آئی ہے، البتہ گمشدہ بچے کا اعلان انسانی جان کی اہمیت کے پیشِ نظر جائز ہے، اور جو چیز مسجد میں ملی ہو، جیسے کسی کی گھڑی رہ گئی ہو، اس کا اعلان جائز ہے کہ فلاں چیز مسجد میں ملی ہے، جس کی ہو ،لے لے، نمازِ جنازہ کا اعلان بھی جائز ہے، اس کے علاوہ دُوسرے اعلانات جائز نہیں۔"

(مسجد کے مسائل، ج:3،ص:261،مکتبہ لدھیانوی)

فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144602101298

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں