بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

28 شوال 1445ھ 07 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

مشین میں پاک ناپاک کپڑے ساتھ دھولیے


سوال

 کچھ عرصہ پہلے میں نے حیض کے دنوں میں بستر پر ایک کپڑے کی شیٹ بچھائی ہوئی تھی۔ اس پر خون لگ گیا تو میں نے اسے واشنگ مشین میں پاک کپڑوں کے ساتھ دھو دیا اور دو دفعہ واشنگ مشین کو چلایا جس سے اندازاً کوئی چھ مرتبہ تو مشین نے نیا پانی لیا ہوگا اور کپڑوں کو نچوڑا ہوگا۔ کپڑوں کو سکھا کر الماری میں رکھ لیا۔ اب کافی دن بعد نکالا تو اس پر چھوٹا سا خون کا دھبہ تھا۔ میں نے سوچا شاید یہ صرف نشان رہ گیا ہو۔ احتیاطاً پھر سے مشین میں دھویا تو اب وہ دھبہ غائب ہوگیا ہے۔ کیا اس شیٹ کے ساتھ جو پہلے کپڑے دھلے تھے، وہ ناپاک ہوں گے؟ مجھے بالکل بھی یاد نہیں کہ کون سے کپڑے یا تولیے اس کے ساتھ دھلے تھے، اب کیا کیا جائے؟ 

جواب

اگر کپڑے ناپاک ہیں یا پاک اور ناپاک کپڑے دونوں ملادیے تو انہیں پاک کرنے کا  طریقہ یہ ہے کہ تین مرتبہ پاک پانی سے دھویا جائے، اور ہر مرتبہ نچوڑا بھی جائے، لہذا اگر آٹو میٹک واشنگ مشین میں انہیں اس طرح دھویا جائے کہ تین مرتبہ یا اس سے زیادہ مرتبہ کپڑے دھلیں اور ہر مرتبہ اس میں صاف اور پاک پانی استعمال ہوتاہو اور دوسری طرف سے  کپڑوں  سے مشین کے ذریعہ پانی نچڑ جائے تو وہ پاک ہوجائیں گے، اگرچہ پہلی مرتبہ پانی میں سرف اور صابن وغیرہ بھی شامل ہو۔

جدید آٹو میٹک مشین میں یہ سہولت موجود ہوتی ہے کہ جتنی مرتبہ کپڑے کی دھلائی مقصود ہو اُسے سیٹ کردیا جائے، مشین اتنی مرتبہ نیا پانی لے کر کپڑے کو دھوکر ہرمرتبہ نچوڑ دیتی ہے، لہٰذا گر تین مرتبہ یا اس سے زیادہ دھلنے کی سیٹنگ کرکے کپڑے دھوئے جائیں تو آٹو میٹک مشین میں ناپاک کپڑے دھونے سے پاک ہوجائیں گے؛لھذا صورت مسئولہ میں اگر مشین نے چھ مرتبہ نیا پانی لے کر کپڑوں کو نچوڑا  تھا  تو کپڑے پاک ہوگئے تھے ،خون کا دھبہ رہ جانا پاکی کے لئے مضر نہیں ۔

فتاوی ہندیہ  میں ہے:

"ثوب نجس غسل في ثلاث جفان، أو في واحدة ثلاثا، وعصر في كل مرة طهر؛ لجريان العادة بالغسل. هكذا فلو لم يطهر لضاق على الناس."

(الفصل الأول في تطهیر الأنجاس: ص 43، ج 1، ط: حقانیة)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144411100969

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں