بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

مسبوق چھوٹی ہوئی رکعات کیسے اداکرے؟


سوال

فرض نماز میں اگر کچھ رکعات چھوٹ جائیں تو کس طرح ادا ہوں گی؟ مطلب کہ ثناء پڑھیں گے؟ سورہٴ فاتحہ کے بعد کوئی سورت پڑھیں گے؟ تین رکعات تک کابتادیں، اگرتین، دو یا ایک رکعت چھوٹ جاتی ہے توادا کرنے کاطریقہ کیاہوگا؟

جواب

الجواب ومنہ الصدق والصوابجس ترتیب سے رکعات چھوٹیں اسی ترتیب سے اداکی جائیں گی، یعنی امام کے سلام پھیرنے کے بعد مسبوق﴿وہ مقتدی جس کی کوئی رکعت چھوٹ گئی ہو﴾ امام کے ساتھ چھوٹنے والی پہلی رکعت ادا کرے گا، اس میں ثناء، تعوذ اورتسمیہ بھی پڑھے گااورسورہٴ فاتحہ کے ساتھ دوسری سورت یا آیات کی تلاوت بھی کرے گا، پھردوسری رکعت اداکرے گا، یعنی اس میں بھی سورہٴ فاتحہ اورکوئی دوسری سورت یا آیات بھی تلاوت کرے گا اور پھرامام کے ساتھ چھوٹنے والی تیسری رکعت ادا کرے گا یعنی آخری رکعت میں صرف سورة الفاتحہ پڑھے گا۔اگرتین رکعات چھوٹی ہوں توچھوٹنے والی پہلی رکعت ادا کرنے کے بعد قعدہ کرے گا﴿تشہد کے لیے بیٹھے گا، کیوں کہ یہ مقتدی کی دوسری رکعت ہے﴾ پھرآخری یعنی چوتھی رکعت میں قعدہ کرے گا۔اگردورکعات چھوٹی ہوں اورچار رکعات والی نمازہوتو امام کے فارغ ہونے کے بعد دونوں رکعات ادا کرکے آخرمیں قعدہ کرے گا درمیان کی رکعت میں نہیں بیٹھے گا۔ اوراگرمغرب کی نماز﴿یارمضان کے وتر﴾ میں دورکعات چھوٹ جائیں تو پہلی رکعت ادا کرکے تشہد میں بیٹھے گا﴿کیوں کہ یہ مقتدی کی دوسری رکعت ہے﴾، پھردوسری ادا کرکے آخری قعدہ کرے گا، یہی صورت بہترہے، یعنی مغرب کی نماز میں دورکعات چھوٹنے کی صورت میں تین قعدے ہوں گے۔


فتوی نمبر : 143503200010

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں