بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

مساجد ثلاثہ کے علاوہ دیگر تاریخی مقامات و زیارات کیلئے خصوصی سفر کا کیا حکم ہے؟


سوال

مساجد ثلاثہ کے  علاوہ دیگر  اسلامی تاریخی مقامات و زیارات  کے لیے خصوصی سفر کا کیا حکم ہے؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں انبیاءِ  کرام علیہم السلام کی قبور اور ان کے تاریخی مقامات،صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور اولیاءِ کرام کی قبور اور تاریخی مقامات کی زیارت کے لیے سفر کرنا جائز ہے۔

حدیث شریف میں ہے:

"نهيتكم ‌عن ‌زيارة ‌القبور، فزوروها، فإن في زيارتها تذكرة."

(سنن ابی داود، کتاب الجنائز،‌‌باب في زيارة القبور، رقم الحديث:3235)

ترجمہ:"میں نے تمہیں زیارتِ قبور سے منع کیا تھا، اب تم اُن کی زیارت کیا کرو؛ کیوں کہ وہ تمہیں موت کی یاد دلاتی ہے۔"

إحياء علوم الدين میں ہے:

"ويدخل في جملته زيارة قبور الأنبياء عليهم السلام وزيارة قبور الصحابة والتابعين وسائر العلماء والأولياء وكل من يتبرك بمشاهدته في حياته يتبرك بزيارته بعد وفاته ويجوز شد الرحال لهذا الغرض ولايمنع من هذا قوله صلى الله عليه وسلم: لاتشد الرحال إلا إلى ثلاثة مساجد مسجدي هذا والمسجد الحرام والمسجد الأقصى؛ لأن ذلك في المساجد فإنها متماثلة بعد هذه المساجد وإلا فلا فرق بين زيارة قبور الأنبياء والأولياء والعلماء في أصل الفضل وإن كان يتفاوت في الدرجات تفاوتًا عظيمًا بحسب اختلاف درجاتهم عند الله".

(احياء علوم الدين للغزالي،كتاب آداب السفر،247/2، دارالمعرفة)

ترجمه:"ثواب کی نیت سے سفر کرنے کی جملہ اقسام  میں انبیاءِ کرام کی قبورِ مبارکہ کی زیارت کے لیے اور صحابہ کرام ، تابعین اور تمام علماءِ کرام اور اولیاءِ عظام اور ہر اس شخص کی قبر کی زیارت کے لیے جس کی حیات میں اس کے مشاہدے  سے تبرک حاصل کیا جاتا تھا اب اس کی وفات کے بعد اس کی قبر کی زیارت سے برکت حاصل کرنے کے سفر کرنا یہ سب اس میں داخل ہے، اور اس غرض کے لیے سفر کرنا جائز ہے، اور آپ ﷺ کے اس قول کہ” تین مساجد (مسجد حرام، مسجد اقصیٰ، اور مسجد نبوی) کے علاوہ  کے لیے رخت سفر نہ باندھو“ کی ممانعت میں یہ داخل نہیں ہے، اس لیے کہ یہ دیگر مساجد کے بارے میں ہے، اس لیے کہ ان تین مساجد کے علاوہ دیگر تمام مساجد رتبہ میں برابر ہیں،  اور انبیاء ، اولیاء اور علماء کی قبر کی زیارت کے لیے سفر نفسِ فضیلت میں برابر ہے، اگرچہ  اللہ کے یہاں ان کے درجات مختلف ہونے کی وجہ سے اس کے درجات میں بہت بڑا فرق ہے۔"

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144307101822

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں