میرا نام "فہیم" ہے، میں اپنی بیٹی کا نام "معارج النور فہیم"رکھنا چاہتا ہوں ، اگر یہ ٹھیک نام ہے تو ان میں سے بہتر کون سا ہے . "معارج النور فہیم" یا پھر "معارج النور"؟
’’معارج‘‘: معرج اور معراج کی جمع ہے، عروج سے مشتق ہے، جس کے معنی اوپر چڑھنے کے ہیں۔ اور معرج و معراج اس سیڑھی کو کہا جاتا ہے جس میں نیچے سے اوپر چڑھنے کے لیے بہت سے درجات ہوتے ہیں اور نور کے معنی روشنی کے ہیں، 'معارج النور کا معنی ہوا ' نور کی سیڑھیاں"، یہ نام رکھ سکتے ہیں، اور آخر میں آپ اپنے نام کی نسبت سے "فہیم" کا لاحقہ بھی لگا سکتے ہیں۔ تاہم صحابیات کے ناموں میں سے کوئی نام رکھنا اس سے بہتر ہوگا۔
اللہ تعالیٰ کی صفت سورۂ معارج کی آیت نمبر : 3 میں’’ذي المعارج‘‘ بیان ہوئی ہے، جس کے معنی ہیں: اللہ تعالیٰ درجات عالیہ والا ہے۔ (کذا قال سعید بن جبیر) اور یہ درجات عالیہ اوپر نیچے سات آسمان ہیں۔ حضرت ابن مسعود نے فرمایا کہ ’’ذي المعارج‘‘ کے معنے ہیں: ’’ذي السموات‘‘ یعنی آسمانوں کے مالک۔ ( مستفاد از معارف القرآن، مفتی محمد شفیع صاحب رحمہ اللہ، بتغییر یسیر) فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144207200642
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن