بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 ربیع الاول 1446ھ 19 ستمبر 2024 ء

دارالافتاء

 

مرحوم والدین کو بچوں کے اعمال کا پتہ چلتا ہے


سوال

کیا مرحوم والدین کو بچوں کے عمل کا پتہ چلتا ہے؟

جواب

 واضح رہے کہ مرحوم والدین  کو اپنی اولاد کے اعمال وحالات سےجب اللہ تعالٰی چاہیں، تو   آگاہی ملتی ہے، اگراولاد کے نیک اعمال ہیں تو اس سے مرحوم  کی روح خوش ہوتی ہے، اور اگر  بُرے اعمال ہیں تو اس کو رنج پہنچتا ہے ،اور وہ افسردہ ہوتی ہے۔نیز  یہ تعلق ماں باپ کے ساتھ خاص نہیں بلکہ جمیع اقرباسے رہتا ہے۔

مسند احمد  میں ہے:

"حدثنا عبد الرزاق حدثنا سفيان عمن سمع أنس بن مالك يقول قال النبي صلى الله عليه وسلم إن أعمالكم تعرض على أقاربكم وعشائركم من الأموات فإن كان خيرا استبشروا به وإن كان غير ذلك قالوا: اللهم لا تمتهم حتى تهديهم كما هديتنا."

ترجمہ:

ہم سے عبدالرزاق نے بیان کیا، کہا کہ ہم سے سفیان نے بیان کیا، وہ ایک شخص کی سند سے جس نے انس بن مالک رضی اللہ عنہ کو کہتے سنا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تمہارے اعمال مردہ میں سے تمہارے رشتہ داروں اور قبیلوں کے سامنے پیش کیے جاتے ہیں،اگر یہ اچھےہوں تو وہ اس پر خوش ہوتے ہیں، اور اگر  اچھے نہ ہوں تو کہتے ہیں: اے اللہ ان کو اس وقت تک  موت نہ دینا جب تک کہ تو ان کی رہنمائی نہ کرے جیسا کہ تو نے ہماری رہنمائی کی ہے۔

(مسند عبد الله بن عمرو بن العاص رضي الله عنهما، حديث أبي رمثة رضي الله عنه عن النبي صلى الله عليه وسلم، ج:20 ص:114 ط: مؤسسة الرسالة)

فتاوی محمودیہ میں ہے:

"سوال(317): مرنے والے کو مرنے کے بعد اپنے ماں باپ سے کوئی تعلق رہتا ہے؟

الجواب حامدومصلیاً: رہتا ہے، اس طرح کہ میت کو ان کے اعمال کی اطلاع دی جاتی ہے، اگر اچھے اعمال ہیں  تو میت کی روح کو خوشی ہوتی ہے، اگر بُرے اعمال ہیں تو رنج ہوتا ہے، اور وہ رُوح ان کی اصلاح کی دعا کرتی ہے، اور یہ تعلق ماں باپ کے ساتھ خاص نہیں بلکہ جمیع اقربا اور متعارفین سے رہتا ہے۔"

(باب ما یتعلق باحوال القبور  والارواح، ج:1  ص: 611 ،612  ط: مکتبہ الفاروق کراچی)

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144601100681

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں