بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

28 شوال 1445ھ 07 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

مالک کا زمین بیچنے کے بعد پلاٹنگ اور دیگر ترقیاتی کام کرنے کی وجہ سے فروخت ہوتے وقت نفع لینا


سوال

ایک رہائشی اسکیم کے مالک سے هم نے مبلغ اٹھائیس لاکھ روپے نقد میں بنجر زمین خریدی هے ،پھر اس کو اسی رہائشی اسکیم  كا  مالک هموار کرکے پلاٹوں میں تقسیم کرتا ہے، راستے بناتاہے اور ترقیاتی کام کرتاہے، پھر لوگوں پر فروخت کرکے همیں (33) فیصد نفع دیتا ہے اور خود اپنا حصہ (67) فیصد نفع لیتا ہے کیا شریعت مطہرہ کے روسے یہ معاملہ جائز اور حلال ہے؟ 

(نوٹ)نقصان کی صورت میں 10فیصدهم برداشت کرتے ہیں اور 90فیصد اس رہائشی اسکیم  کا مالک برداشت کرے گا یہ معاہدہ ہوا ہے۔ 

جواب

صورتِ مسئولہ میں مذکورہ معاملہ شرعاً جائز نہیں، کیوں کہ اس میں  یہ  شرط لگانا ہے کہ" مالک(بائع)  اس کو ہموار کر کے اس کو پلاٹوں میں تقسیم کرے گا، ترقیاتی کام وغیرہ کروائے گا،پھر اس کو فروخت کر کے 33 فیصد نفع خریدار (سائل) کو دے گا اور 67 فیصد نفع خود رکھے گا" شرعاً یہ بیع میں اجارہ کی  شرط لگانا ہے، جو کہ ناجائز ہے، مزید یہ ہے کہ اس اجارہ کے معاملہ کی اجرت بھی مجہول ہے، اور مذکورہ معاملہ میں نقصان کی مذکورہ تقسیم بھی شرعاً درست نہیں ہے، البتہ اس کی جائز صورت یہ  ہے کہ دونوں زمین میں شراکت اختیار کرلیں یعنی بعض حصہ بیچ دے اور پھر ترقیاتی کام کے بعد فروخت ہونے کی صورت میں مذکورہ نفع کے تناسب سے شریک ہوجائیں، البتہ نقصان کی صورت میں ہر ایک اپنے سرمایہ کے بقدر نقصان میں شریک ہوگا۔

فتاوی شامی میں ہے:

"(و) لا (بيع بشرط  لايقتضيه العقد ولا يلائمه وفيه نفع لأحدهما أو) فيه نفع (لمبيع) هو (من أهل الاستحقاق) للنفع بأن يكون آدميا"۔

(کتاب البیوع، باب البیع الفاسد، ص:85، ج:5، ط:سعید)

فتاوی عالمگیری میں ہے:

"وإن قل رأس مال أحدهما وكثر رأس مال الآخر واشترطا الربح بينهما على السواء أو على التفاضل فإن الربح بينهما على الشرط، والوضيعة أبدا على قدر رءوس أموالهما، كذا في السراج الوهاج"۔

(کتاب الشرکة، ص:320، ج:2، ط:رشیدیه)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144308100101

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں