بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

6 جمادى الاخرى 1446ھ 09 دسمبر 2024 ء

دارالافتاء

 

مجلس نکاح میں دولہا کے علاوہ صرف دوشخص ہوں اور ان میں سے ایک لڑکی کا وکیل بن جائے تو کیا حکم ہے؟


سوال

میں نے بیس سال کی عمر میں نکاح کیا ،نکاح کے وقت میں کسی اور جگہ تھی اور لڑکا کسی اور جگہ موجود تھا ،اپنے دو دوستوں کے ساتھ جو کہ ہمارے نکاح کے گواہ بنے تھے، جس سے میں نے نکاح کرنا تھا ،اس نے مجھے فون کیا اور ایک گواہ سے بات کروائی ، جس کو نہ میں نے کبھی دیکھا اور نہ ہی کبھی بات کی اور نہ اس کا نام جانتی تھی، بس فون میں ہی میں  نے اسے اپنا ولی مقرر کیا  اور  اسے  میرا نام  مثلًا: الینہ فاطمہ میں بس  "الینہ"  نام پتا  تھا اور والد کا نام  مثلًا: اقبال احمد  میں بس اقبال پتا  تھا اور  پھر اس نے ہمارا نکاح پڑھایا کیا ہمارا نکاح ہوا یا نہیں؟

جواب

واضح رہے کہ نکاح کی مجلس میں اگر دولہا اور دولہن خود موجود ہوں تو ان کے علاوہ دوگواہوں کاہونا ضروری ہے ،اگر دولہا اور دولہن میں سے کوئی ایک نہ ہو ، بلکہ اس کی طرف سے وکیل موجود ہو تو اس وکیل کے علاوہ دوگواہوں کا ہونا ضروری ہے ۔

لہذا صورت مسئولہ میں جس مجلس میں نکاح کیا گیا تھا ،اگر اس مجلس میں دولہا کے علاوہ صرف دو شخص تھے (جیسا کہ سوال سے معلوم ہورہا ہے )اور ان میں سے ایک کو  لڑکی نے اپنی طرف سے وکیل بنایا تھا تو مجلس نکاح میں دولہا اور لڑکی کے وکیل کے علاوہ  دو گواہ نہ ہونے کی وجہ سے نکاح شرعا منعقد نہیں ہوا ہے،اور اگر کل چار شخص تھے اور ایجاب و قبول ہوا ہے تو نکاح منعقد ہو جائے گا۔

البحر الرائق میں ہے:

"(قوله: ومن أمر رجلاً أن يزوج صغيرته فزوجها عند رجل والأب حاضر صح، وإلا فلا؛ لأن الأب يجعل مباشراً للعقد باتحاد المجلس ليكون الوكيل سفيراً، ومعبرًا فبقي المزوج شاهدًا، وإن كان الأب غائبًا لم يجز". 

(كتاب النكاح 3/97، دار الكتاب الإسلامي)

فتاویٰ شامی میں ہے:

"(و) شرط (حضور) شاهدين (حرين) أو حر وحرتين (مكلفين سامعين قولهما معًا) على الأصح".

 (كتاب النكاح، ج: 3، ص: 21، ط: سعيد)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144507100186

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں