بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

15 شوال 1445ھ 24 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

ماہواری کا خون بند ہونے کے بعد سرخ نشانات نظر آنا


سوال

ایامِ مخصوصہ میں تقریباً  چھٹےساتویں دن خون رک جاتاہے اورلیکوریا کی رطوبت بھی سفیدی مائل  ہوتی ہے،  بظاہرخون وغیرہ نہیں ہوتا، لیکن اگر کپڑے کےذریعے پاکی معلوم کی جاۓ تو  بہت قلیل مقدار میں کہیں کہیں ہلکے سرخ نشانات موجود  ہوتے ہیں، اور دو تین دن تک یہ سلسلہ ہوتاہے، اب اس صورت میں پاکی اور نمازکاکیاحکم ہے؟ آیاخون رکنےکے فوراً  بعد سے پاکی کاحکم ہے یانہیں؟

جواب

حیض  کی عادت کے  ایام میں سرخ  رنگ کے ذرات    جب تک کپڑے پر دکھائی دیں وہ رطوبت  حیض ہی    شمار ہوگی ،  حیض کی مدت میں  جو  کپڑا یا پیڈ رکھا جاتا ہے جب تک وہ بالکل سفید دکھلائی نہ دے  تب تک وہ حیض ہے، اور نماز اور روزہ ادا کرنا  جائز نہیں ہوگا ۔ اور جب پیڈ یا کپڑا  بالکل صاف نظر  آئے گا تو حیض سے پاک سمجھی جائے گی، البتہ اگر  یہ کیفیت عادت سے بڑھ جائے تو اس صورت میں   اگر خون شروع ہونے سے لے کر دس دنوں سے بھی زیادہ  کی مدت ہوجائے تو ایامِ عادت (مثلاً: چھ یا سات ایام)کا خون توحیض سمجھا جائے گا، اور اس کے بعد کے دنوں کا خون  استحاضہ سمجھاجائے گا،استحاضہ کا خون در اصل بیماری کا خون ہے، عورت ایامِ عادت کے دن گزار کر غسل کرے گی اور اسی حالت میں نماز بھی پڑھے گی، اور روزہ بھی رکھے گی۔ اگر نماز ، روزے رہ گئے تو ان کی قضاکرنی ہوگی۔غسل کے اعادے کی ضرورت نہ ہوگی۔اور اگریہ کیفیت  سابقہ عادت سے بڑھ جائے، لیکن نشانات نظر آنا دس دنوں کے اندر بند ہوجائیں تو  اس صورت میں اسے  عادت کی تبدیلی قرار دیاجائے گا۔اور سابقہ عادت سے دس دنوں کے اندر اندر جتنے دن خون آیا یا دھبے لگے یہ تمام ایام حیض شمار ہوں گے ۔

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (1/ 288):
"(وما تراه) من لون ككدرة وتربية (في مدته) المعتادة (سوى بياض خالص) قيل: هو شيء يشبه الخيط الأبيض. 

(قوله: ككدرة وتربية) اعلم أن ألوان الدماء ستة: هذان والسواد والحمرة والصفرة والخضرة". فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144108200982

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں